تلنگانہسوشیل میڈیا

ویڈیو: وقار آباد کے مرپلی میں زبردست ژالہ باری، کشمیر جیسا منظر

مرپلی کے مقامی لوگوں نے ویڈیوز بناکر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کئے جسے دیکھ کر دیگر لوگ بھی حیرت کا اظہار کررہے ہیں۔ تاہم مقامی لوگوں کو ژالہ باری کی وجہ سے نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

حیدرآباد: وقارآباد ضلع کا ایک گاؤں مرپلی آج دوپہر زبردست ژالہ باری کی زد میں آگیا جس سے علاقے کے کسانوں میں تشویش پیدا ہوگئی۔

محکمہ موسمیات – حیدرآباد کے مطابق، وہاں ژالہ باری کے ساتھ گرج چمک، بجلی چمکنے اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ محکمہ نے ایک انتباہ بھی جاری کیا ہے کہ موسم کی یہ صورتحال جمعہ کو بھی ریاست بھر میں جاری رہے گی۔

وقارآباد کے مرپلی میں ژالہ باری اتنی شدید تھی کہ لوگ خوف زدہ ہوگئے کیونکہ انہوں نے اس سے پہلے اس طرح کا موسم اپنے گاؤں میں نہیں دیکھا تھا۔ ژالہ باری (اولے پڑنے) سے ہر طرف برف کی چادر بچھ گئی تھی اور یہ گاؤں کشمیر کے کسی علاقہ کا منظر پیش کررہا تھا۔

مرپلی کے مقامی لوگوں نے ویڈیوز بناکر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کئے جسے دیکھ کر دیگر لوگ بھی حیرت کا اظہار کررہے ہیں۔ تاہم مقامی لوگوں کو ژالہ باری کی وجہ سے نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ویڈیو فوٹیج میں بڑے، سفید اولے گرتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔ ژالہ باری اتنی شدید تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے زمین پر سفید چادر بچھ گئی اور ایک دلکش منظر سامنے آگیا۔ تاہم مقامی لوگوں میں اس کی وجہ سے تشویش بھی پیدا ہوگئی ہے۔

علاقے کے کسان مبینہ طور پر ان کی فصلوں پر ژالہ باری کے منفی اثرات سے فکر مند ہیں کیونکہ محکمہ موسمیات نے مزید دو دن موسم خراب رہنے کی پیش قیاسی کی ہے۔