ونیش پھوگاٹ نے بی جے پی امیدوار کو ہراکر الیکشن جیت لیا
ووٹوں کی گنتی کے آغاز سے ہی دونوں امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ ایک موقع پر ونیش پھوگاٹ پیچھے تھیں، لیکن انہوں نے جلد ہی شاندار واپسی کرتے ہوئے سبقت حاصل کر لی۔ آخرکار، انہوں نے یوگیش کو 6,000 سے زائد ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔
چندی گڑھ:اولمپین ریسلر ونیش پھوگاٹ نے منگل کے دن اپنا پہلا الیکشن جیت لیا۔ وہ ضلع جند کی جولانا نشست سے کانگریس ٹکٹ پر منتخب ہوگئیں۔ پھوگاٹ نے اپنے بی جے پی حریف پروفیشنل پائلٹ یوگیش بیراگی کو 6015ووٹوں سے ہرایا۔ ونیش پھوگاٹ نے جملہ 65080 ووٹ حاصل کئے جبکہ بیراگی کے حصہ میں 59065 ووٹ آئے۔ بیراگی کا بھی یہ پہلا الیکشن تھا۔
ووٹوں کی گنتی کے آغاز سے ہی دونوں امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ ایک موقع پر ونیش پھوگاٹ پیچھے تھیں، لیکن انہوں نے جلد ہی شاندار واپسی کرتے ہوئے سبقت حاصل کر لی۔ آخرکار، انہوں نے یوگیش کو 6,000 سے زائد ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔
دوسری جانب، ایگزٹ پولز ہریانہ اسمبلی انتخابات کے نتائج کی درست پیشین گوئی کرنے میں ناکام رہے۔ بی جے پی واضح برتری کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور پہلے ہی اکثریت حاصل کر چکی ہے۔ تازہ رجحانات کے مطابق، بی جے پی 49 سیٹوں پر آگے ہے، کانگریس 35 سیٹوں پر، جبکہ آئی این ایل ڈی 2 سیٹوں اور دیگر 4 سیٹوں پر برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔