انٹرٹینمنٹ

بی ٹی ایس اسٹار جیسا دکھائی دینے کی خواہش، پلاسٹک سرجریاں مہنگی پڑگئیں، کینیڈا کے اداکار کی موت

رپورٹ کے مطابق سرجری کے بعد ہونے والی پیچیدگیوں کے سبب انہیں جنوبی کوریا کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا۔ کینیڈین اداکار نے 12 سرجریز پر 2 لاکھ 20 ہزار ڈالر خرچ کیے تھے۔

ٹورنٹو: دنیا بھر میں مقبول کورین میوزیکل بیانڈ ’بی ٹی ایس‘ کے گلوکار جیسا بننے کے لئے 12 پلاسٹک سرجریاں کروانے والے ایک کینیڈین اداکار کی موت واقع ہوگئی ہے۔

ٹورنٹو سن کی رپورٹ کے مطابق ’بی ٹی ایس‘ ممبر جیمن کی طرح بننے کے لیے کینیڈین اداکار سینٹ وون کولوچی نے 12 سرجریاں کروائی تھیں۔ میوزک انڈسٹری میں کرئیر بنانے کے لئے یہ اداکار 2019 میں کینیڈا سے جنوبی کوریا گیا تھا تاکہ وہ امریکی اسٹریمنگ نیٹ ورک کے لئے کے پاپ اسٹار کا کردار ادا کر سکیں۔

رپورٹ کے مطابق سرجری کے بعد ہونے والی پیچیدگیوں کے سبب انہیں جنوبی کوریا کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا۔ کینیڈین اداکار نے 12 سرجریز پر 2 لاکھ 20 ہزار ڈالر خرچ کیے تھے۔

اداکار کے ایجنٹ نے ڈیلی میل کو بتایا کہ سینٹ وون نے 22 اپریل کو جبڑوں سے ایمپلانٹس ہٹانے کے لیے سرجری کروائی تھی جس کے بعد انہیں انفیکشن ہوا اور صحت بگڑنے پر وہ انتقال کرگئے۔

انہوں نے بتایا کہ اداکار نے جبڑے کی سرجری، امپلانٹس، ناک، آنکھ، بھنویں اور ہونٹ کی سرجری کروائی تھی۔رپورٹ کے مطابق کینیڈین اداکار نے 12 سرجریز پر 2 لاکھ 20 ہزار ڈالر خرچ کیے تھے۔

ایجنٹ نے مزید بتایا کہ اداکار اپنے چہرے کے حوالے سے احساس کمتری کا شکار تھے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا میں ملازمت حاصل کرنا ان کے لیے بہت مشکل تھا، اور چہرے کی وجہ سے انہیں محسوس ہوتا تھا کہ ان کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جارہا ہے۔

ایجنٹ کا کہنا تھا کہ اداکار کو اپنا چہرہ پسند نہیں تھا، ان کا خیال تھا کہ ان کا چہرہ چوڑا ہے اور وہ جنوبی کورین اسٹار کی طرح V-SHAPE چہرہ چاہتے تھے۔ ایجنٹ کے مطابق اداکار کو جبڑوں سے ایمپلانٹس ہٹانے کی سرجری سے قبل خطرات سے آگاہ کیا گیا تھا لیکن وہ ہر صورت میں سرجری کروانا چاہتےتھے۔