کھیل

محمد علی کلے سے مقابلہ کرنے والے باکسر کور سنگھ کا انتقال

اس سے پہلے انہوں نے 27 جنوری 1980 کو دہلی میں منعقدہ ایک باکسنگ میچ میں عالمی شہرت یافتہ امریکی باکسر محمد علی کلے سے مقابلہ کیا تھا۔

چنڈی گڑھ: پنجاب کے پدم شری اولمپین باکسر کور سنگھ کا چہارشنبہ کی رات کروکشیتر کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ وہ 74 برس کے تھے۔

کور سنگھ شوگر کے مرض میں مبتلا تھے اور دو دن قبل انہیں علاج کے لیے پٹیالہ اور پھر کروکشیتر کے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کی آخری رسومات آج سنگرور کے گاؤں کھنال خورد میں ادا کردی گئی ہیں۔

پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے کور سنگھ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

مسٹر مان نے ٹویٹ کیاکہ اولمپئن باکسر پدم شری کور سنگھ جی… سنگرور گاؤں کے کھنال خورد نے ہندوستان کے ایشیائی کھیلوں میں غلبہ حاصل کیا اور ملک کے لئے طلائی تمغہ جیتا… کور سنگھ آج ہم سے رخصت ہو گئے.. مرحوم کی سلامتی کے لیے خدا سے دعا روح اس مشکل وقت میں اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی ہے۔

کور سنگھ کو 1982 میں ارجن ایوارڈ اور 1983 میں پدم شری سے نوازا گیا۔ انہوں نے 1984 میں لاس اینجلس، امریکہ میں ہونے والے اولمپک گیمز میں حصہ لیا لیکن وہاں ایک واقعے سے مایوس ہونے کے بعد وہ ریٹائر ہو گئے اور ایک کسان کے طور پر زندگی گزارنے لگے۔

اس سے پہلے انہوں نے 27 جنوری 1980 کو دہلی میں منعقدہ ایک باکسنگ میچ میں عالمی شہرت یافتہ امریکی باکسر محمد علی کلے سے مقابلہ کیا تھا۔ یہ ایک نمائشی میچ تھا جو چار راؤنڈ پر مشتمل تھا۔ محمد علی کلے 1980 میں جب ہندوستان کے دورہ پر تھے تو یہ میچ رکھا گیا تھا۔

ان کے انتقال سے قبل پنجاب حکومت نے حال ہی میں 9ویں اور 10ویں جماعت کے نصاب میں شری کور سنگھ کی سوانح عمری شامل کی ہے۔ ان پر گزشتہ سال پنجابی فلم پدم شری کور سنگھ بھی بنائی گئی تھی۔