تلنگانہ

بھینسہ میں اذان نہ دینے کی وارننگ، ایک شرپسند گرفتار

اس واقعہ کے بعد موضع کمسیرا میں دہشت کا ماحول پیدا ہوگیا اور مقامی مسلمانوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔یاد رہے کہ چند دن قبل ہی بھینسہ کے ایک نوجوان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر مسجد کے میناروں پر بھگوا جھنڈوں کو چسپاں کرتے ہوئے

بھینسہ: بھینسہ منڈل کے موضع کامْل کے چند شرپسند عناصر بشمول نوین ریڈی اور نتیش ریڈی نے پڑوسی موضع کمسیرا کی ایک مسجد میں بعد نمازعشاء داخل ہوکر امام مسجد پر حملہ کرتے ہوئے ان کے ساتھ گالی گلوج کی اور اذان نہ دینے کی دھمکی دیتے ہوئے اسلام کے خلاف نازیبا کلمات کا استعمال کرتے ہوئے امام مسجد کو خوف زدہ کرنے کی کوشش۔

اس واقعہ کے بعد موضع کمسیرا میں دہشت کا ماحول پیدا ہوگیا اور مقامی مسلمانوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔یاد رہے کہ چند دن قبل ہی بھینسہ کے ایک نوجوان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر مسجد کے میناروں پر بھگوا جھنڈوں کو چسپاں کرتے ہوئے

بھینسہ اور اطراف کے علاقہ میں تناؤ کا ماحول پیداکردیا تھااور اب کمسیرا موضع کے امام مسجد کے ساتھ گالی گلوج کرتے ہوئے انہیں اسلام ترک کردینے کی دھمکی دے کر سارے موضع میں خوف سا ماحول پیدا کردیا۔

کمسیرا کے مسلم مکینوں نے اس واقعہ کی اطلاع نائب صدرنشین بلدیہ بھینسہ جناب محمد جابر احمد کو دی جنہوں نے ضلع ایس پی نرمل جانکی شرمیلا اور بھینسہ اڈیشنل ایس پی اویناش کمار کو اس واقعہ سے مطلع کرتے ہوئے شرپسندوں عناصر کے خلاف عاجلانہ کارروائی کرنے کی خواہش کی۔

ضلع ایس پی نے انہیں خاطیوں کو فوری گرفتار کرتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا تیقن دیا اور پولیس کو فوری متحرک کرتے ہوئے سرکل انسپکٹر رورل نائیلو اور سب انسپکٹر سریکانت کو فوری موضع روانہ ہونے اور مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔

بھیسنہ رورل پولیس کی بھاری جمعیت نے کمسیرا موضع پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے فی الفور نوین ریڈی کو گرفتار کرلیا ہے جب کہ دیگر شرپسندوں کی تلاش جاری ہے۔ اس خصوص میں رورل پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔

ضلع ایس پی نے عوام سے خواہش کی کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور امن و امان بنائے رکھیں‘ پولیس خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔

انہوں نے پولیس انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے کی بھی خواہش کی۔ اس واقعہ کی اطلاع عام ہوتے ہی بھینسہ میں بھی پولیس نے چوکسی اختیار کرلی اور طلایہ گردی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ بھینسہ سرکل انسپکٹر راجہ ریڈی‘ سب انسپکٹر محمد شریف اور محمد غوث اور دیگر پولیس افسران بھینسہ کے حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

a3w
a3w