شہر حیدرآباد میں بارش سے کئی کالونیوں میں پانی داخل
شہر حیدرآباد میں کل شدید بارش کے بعد رات دیر گئے ایک شخص، سیلابی پانی میں بہہ گیا جبکہ وہ اپنی اسکوٹر سے مکان واپس لوٹ رہا تھا۔ یہ واقعہ شہر کے قلب میں بالکم پیٹ برج کے تحت انڈر پاس میں پیش آیا۔ چہارشنبہ کی شام سے رات تک شہر کے کئی حصوں میں موسلادھار بارش ہوئی۔
حیدرآباد (آئی اے این ایس) شہر حیدرآباد میں کل شدید بارش کے بعد رات دیر گئے ایک شخص، سیلابی پانی میں بہہ گیا جبکہ وہ اپنی اسکوٹر سے مکان واپس لوٹ رہا تھا۔ یہ واقعہ شہر کے قلب میں بالکم پیٹ برج کے تحت انڈر پاس میں پیش آیا۔ چہارشنبہ کی شام سے رات تک شہر کے کئی حصوں میں موسلادھار بارش ہوئی۔
محمد شرف الدین جو اسکوٹر سے اپنے مکان کواڑی گوڑہ واپس ہورہا تھا، پانی میں گرپڑا جہاں شدید بارش کے سبب انڈربرج میں پانی جمع ہوگیا تھا اور بہہ گیا۔ پولیس کے مطابق بعدازاں مقامی نوجوانوں نے لاش نکالی۔ مہلوک، بالا نگر میں مصنوعی انسانی اعضاء کی تیاری کی کمپنی میں ملازم تھا۔
وہ، ہر روز کی طرح کام کے مقام سے اپنے گھر واپس ہورہا تھا۔ شرف الدین کے خاندان کی شکایت پر ایس آر نگر پولیس نے کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔شرف الدین، جاریہ ہفتہ کے دوران شہر میں سیلابی پانی میں بہہ جانے والے چوتھے شخص ہیں۔ اتوار کی شب شدید بارش کے بعد دو مختلف نالوں میں 3 افراد بہہ گئے تھے۔ ان تینوں کی لاشیں تاحال نہیں ملی ہیں۔
26 سالہ ارجن اور ان کا رشتہ دار 25 سالہ رامو، ملے پلی میں افضل ساگر نالے میں بہہ گئے جبکہ دوسرے واقعہ میں 24 سالہ دنیش، مشیر آباد کے ونو بھانگر کے نالہ میں بہہ گیا تھا۔ اب تینوں کی لاشیں تاحال دستیاب نہیں ہوئی ہیں۔ چہارشنبہ کی رات کو شہر میں ایک بار پھر شدید بارش ہوئی جس کے سبب سڑکیں اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ شہر کی چند کالونیوں کے مکانات میں پانی داخل ہوگیا جبکہ کئی مقامات پر ٹرافک نظام درہم برہم ہوگیا۔
سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے3 تا4گھنٹوں تک ٹرافک سسٹم مفلوج رہا۔ بیگم پیٹ کی موتی لال نہرو کالونی میں پانی داخل ہوگیا جس کے سبب کالونی کے افراد پانی سے محصور ہوگئے۔ اپارٹمنٹس اور عمارتوں کے سیلرس میں بھی پانی جمع ہوگیا۔ خیریت آباد کے اولڈسی بی آئی کوارٹرس کے مکانات میں بھی پانی داخل ہوگیا جس کی وجہ سے وہاں کے عوام نے جاگ کر پوری رات گزاری، چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو بدستور چوکس رہنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کے عہدیدار بہتر تال میل کے ذریعہ کام کرتے ہوئے عوام کو مشکلات سے بچائیں۔پی ٹی آئی کے مطابق حیدرآباد میں کل رات شدید بارش کے بعد شہر میں بالکم پیٹ کے قریب ریلوے انڈر پاس میں سیلابی پانی میں 26 سالہ ایک شخص غرق ہوگیا۔
یہ واقعہ چہارشنبہ کی رات دیر گئے اس وقت پیش آیا جبکہ یہ شخص اپنی اسکوٹر کے ذریعہ مکان واپس ہورہا تھا۔ وہ، ریلوے انڈر برج کے نیچے، گیرے پانی میں گر پڑا اور طاقتور آبی ریلہ سے بچ نہیں پایا جس کے سبب وہ غرق ہوگیا۔ پولیس نے جمعرات کے روز یہ بات بتائی۔