عثمان ساگر اورحمایت ساگر کی سطح آب میں اضافہ
حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کے مطابق بدھ کی صبح 8 بجے عثمان ساگر کی سطح 1,782 فٹ ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی مکمل سطح آب 1,790 فٹ ہے۔ اس میں پانی کا بہاؤ تقریباً 50 کیوسیکس بتایا گیا ہے۔

حیدرآباد: گزشتہ ایک ہفتہ سے حیدرآباد اور مضافات کے اضلاع میں جاری موسلا دھار بارش کے نتیجہ میں جھیلوں اور آبی ذخائر میں بھاری مقدار میں پانی کا اضافہ ہو رہا ہے۔
شہر اور نواحی علاقوں کی جھیلوں کے ساتھ ساتھ وہ دو اہم ذخائر عثمان ساگر اور حمایت ساگر جو کئی دہائیوں تک شہر کو پینے کا پانی فراہم کرتے رہے، ان میں بھی پانی کی آمد میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ گزشتہ ہفتہ کی مسلسل بارش سے آبگیر علاقوں میں بہتر بارش ہوئی، جس سے ان ذخائر میں تازہ پانی داخل ہو رہا ہے اور پانی کی سطح بڑھ رہی ہے۔
حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کے مطابق بدھ کی صبح 8 بجے عثمان ساگر کی سطح 1,782 فٹ ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی مکمل سطح آب 1,790 فٹ ہے۔ اس میں پانی کا بہاؤ تقریباً 50 کیوسیکس بتایا گیا ہے۔
دوسری طرف حمایت ساگر میں بھی پانی کی سطح بڑھتے ہوئے آج صبح 1,762.35 فٹ تک پہنچ گئی، جبکہ اس کی مکمل سطح آب
1,763.50 فٹ ہے۔ یہاں پانی کا بہاؤ 1,600 کیوسیکس ریکارڈ کیا گیا، جس سے پانی کی سطح مکمل سطح آب سے صرف ایک فٹ کم رہ گئی ہے۔
واٹربورڈ کے عہدیدار دونوں ذخائر کی صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں اور پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہونے کی صورت میں ممکنہ اقدامات کے لیے تیار ہیں۔