شمال مشرق

آسام میں بی جے پی کے خلاف 11 اپوزیشن جماعتیں متحد، بدرالدین اجمل کو دور رکھنے کا فیصلہ

آسام کی 11 اپوزیشن جماعتوں نے 2024 کے لوک سبھا الیکشن کی مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے میٹنگ کی۔ یہ میٹنگ منگل کی رات تیج پور میں ہوئی تاہم مولانا بدرالدین اجمل قاسمی کی پارٹی آل انڈیا یونائٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (اے آئی یو ڈی ایف) کو اس اتحاد سے دور رکھا گیا۔

گوہاٹی: آسام کی 11 اپوزیشن جماعتوں نے 2024 کے لوک سبھا الیکشن کی مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے میٹنگ کی۔ یہ میٹنگ منگل کی رات تیج پور میں ہوئی تاہم مولانا بدرالدین اجمل قاسمی کی پارٹی آل انڈیا یونائٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (اے آئی یو ڈی ایف) کو اس اتحاد سے دور رکھا گیا۔

متعلقہ خبریں
ہیمنتا بسوا شرما اور بدرالدین اجمل کے مابین خفیہ سمجھوتہ
بی جے پی کو ہرانے متحدہ الیکشن لڑنے اپوزیشن کا عہد
بدرالدین اجمل پر مسلمانوں کو مشتعل کرنے کا الزام
’مودی، تیسری مرتبہ وزیراعظم بنیں گے‘
مولانا بدرالدین اجمل کی پارٹی، انڈیا اتحاد کی حامی

آسام جاتیہ پریشد کے صدر لورین جیوتی گوگوئی نے کہا کہ ہماری میٹنگ ثمرآور رہی۔ ریاست میں 2021 کے اسمبلی الیکشن سے قبل تمام اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے کی کوششیں ہوئی تھیں لیکن بعض وجوہات کی بناء پر یہ ممکن نہ ہوسکا تھا۔ اِس بار ہم نے تیاریاں جلد شروع کردی ہیں اور امید ہے کہ 2024میں بی جے پی کے خلاف اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار میدان میں ہوں گے۔

اپوزیشن اجلاس سے اے آئی یو ڈی ایف کو دور رکھنے پر گوگوئی نے الزام عائد کیا کہ بدرالدین اجمل بی جے پی کے ایجنٹ کے طورپر کام کررہے ہیں۔ اے آئی یو ڈی ایف آسام میں فرقہ وارانہ سیاست کررہی ہے جس سے اصل میں بی جے پی کو مدد ملتی ہے۔

شیوساگر کے رکن اسمبلی اکھل گوگوئی نے کہاکہ ملک کے دستور کو بچانے 2024 میں بی جے پی کو لازمی طورپر ہرانا ہوگا۔ میٹنگ میں 11 اپوزیشن جماعتوں نے حصہ لیا۔ ہم عام آدمی پارٹی(اے اے پی) سے بھی بات چیت کریں گے کہ وہ ہمارے ساتھ آجائے لیکن اے آئی یو ڈی ایف فرقہ پرست جماعت ہے اور ہم اسے مدعو نہیں کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئندہ سال کا لوک سبھا الیکشن ابتدائی نشانہ ہے۔ ہمارا اتحاد 2026 کے آسام اسمبلی الیکشن تک جاری رہے گا۔ صدر آسام پردیش کانگریس بھوپن بورا نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن نہیں چاہتی کہ اے آئی یو ڈی ایف اس کا حصہ بنے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پارٹی ہائی کمانڈ کو اپنے فیصلہ کی جانکاری دے دی ہے۔ بدرالدین اجمل کو اپوزیشن کی اسپرٹ کو خراب کرنے نہیں دیا جائے گا۔ نشستوں کی تقسیم کے فارمولہ کے بارے میں اپوزیشن قائدین نے کہا کہ بات چیت جاری ہے لیکن اصل توجہ الیکشن جیتنے پر مرکوز ہوگی۔