دہلی

حکومت کووڈ سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار: منسکھ مانڈویا

منسکھ مانڈویا نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ملک میں کووڈ انفیکشن کی شرح میں کمی آئی ہے، روزانہ اوسطاً 153 نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں، جبکہ دنیا میں یہ تعداد 5 لاکھ 87 ہزار ہے۔

نئی دہلی: حکومت نے آج کہا کہ دنیا کے کچھ ممالک میں کووڈ انفیکشن کے بڑھتے معاملات اوربڑی تعداد میں ہونے والی اموات کی وجہ پیدا صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور ملک تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے صورتحال کا مقابلہ کرنےکے لیے پوری طرح تیار ہے۔

مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر منسکھ مانڈویا نے کووڈ وبا سے نمٹنے کے لیے حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں از خود بیان دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں صحت کا بنیادی ڈھانچہ اچھا اور ضروری ادویات وآکسیجن اور دیگر سامان کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔

اراکین کی وضاحتوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے اور وہ خود عالمی ادارہ صحت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

بین الاقوامی ہوائی اڈوں پربیرون ملک سے آنے والے مسافروں میں سے دو فیصد کی اسکریننگ کی جارہی ہے اور اگر ضرورت پڑی تو اسے لازمی بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام بڑے اسپتالوں میں آکسیجن پلانٹس کام کر رہے ہیں اور ان کی نگرانی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ملک میں کووڈ انفیکشن کی شرح میں کمی آئی ہے، روزانہ اوسطاً 153 نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں، جبکہ دنیا میں یہ تعداد 5 لاکھ 87 ہزار ہے۔

 جاپان، جنوبی کوریا، امریکہ، فرانس، یونان اور اٹلی جیسے ممالک میں کووڈ کے کیسز اور اموات کے اعدادوشمار میں اضافہ ہوا ہے۔ چین میں بھی کووڈ کے کیس اور اس سے ہونے والی اموات کے حوالے سے خبریں شائع ہو رہی ہیں۔

a3w
a3w