ہم، آندھرا پردیش کی تعمیر نو کے مشن پر ہیں: چندرابابو نائیڈو
چیف منسٹر نے اندرون3ماہ تفصیلی منصوبہ اور فزیبلیٹی رپورٹ طلب کی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اس پروجیکٹ کیلئے درکار5ہزار ایکڑ اراضی مختص کرے گی ون فاسٹ کے سی ای او فام سنہا چاؤ نے نائیڈؤ سے ملاقات کی۔

امراوتی: آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے جمعرات کے روز کہاکہ ان کی حکومت آندھرا پردیش کی تعمیر نو کے مشن پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد دوبارہ حاصل کرنا بہت ہی اہم ہے۔
بھارت پٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ(بی پی سی ایل) اور ون فاسٹ کے عہدیداروں سے بات چیت کے ایک دن بعد نائیڈو نے سوشل میڈیا پلاٹ فام ایکس پر ان عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کی تفصیلات کو شیئر کیا ہے۔ ہم آندھرا پردیش کی تعمیر نو کے مشن پر ہیں۔ پیشرو حکومت نے جہاں سے اسے چھوڑا تھا، اسے مکمل کرنا ہمارے لئے بہت بڑا چیالینج رہے گا۔
اس مشن کیلئے تمام کا تعاون درکار رہے گا اور خصوصیت کے ساتھ میڈیا کا تعاون چاہئے جو جمہوریت کا چوتھا ستون ہے۔ حکومت کو جوابدہ بنانے اور شہریوں کو معلومات بہم پہونچانے میں میڈیا کا اہم رول رہتا ہے۔
نائیڈو نے بتایا کہ بی پی سی ایل اور ون فاسٹ کے عہدیداروں کے ساتھ بات چیت ثمر آور رہی جس کا نتیجہ بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع کی تخلیق کی شکل میں سامنے آئے گا۔ گذشتہ5 برسوں کے دوران ریاست میں کیا ہوا؟۔
جب سیاست نے ترقی کی جگہ لے لی۔ کوآپریشن، کرپشن میں بدل گیا اور ترقی، تباہی میں تبدیل ہوگئی۔ اس سے سرمایہ کاروں میں اعتماد ختم ہوگیا وہ ریاست چھوڑنے پر مجبور ہوگئے۔ جس کا اثر معیشت اور روزگار پر پڑا ہے مگر ہمیں ا نوسٹرس کا اعتماد دوبارہ جیتنا اہم وضروری ہے۔
ان اجلاسوں کی مثبت رپورٹنگ کرنے پر انہوں نے میڈیا کے رفقا سے اظہار تشکر کیا۔ میڈیا کی رپورٹنگ سے ریاست میں اعتماد کی فضاء پیدا کرنے میں مدد ملی۔ مجھے قوی امید ہے کہ آندھرا پردیش کو نمبر ایک ریاست بنانے میں بھی ہم مل جل کر کام کریں گے۔
بی پی سی ایل کے چیرمین وایم ڈی کرشنا کمار کی زیر قیادت عہدیداروں کے وفد نے چہارشنبہ کے روزچیف منسٹر این چندرا ب ابو نائیڈؤ نے ملاقات کی۔ اس دوران ریاست میں 60 ہزار سے70ہزار کروڑ روپے کے تخمینہ مصارف سے آئیل ریفائنری اور پٹروکیمیکل کا مپلکس کی تعمیر کی تجویز پر تبادلہ خیال ہوا۔
چیف منسٹر نے اندرون3ماہ تفصیلی منصوبہ اور فزیبلیٹی رپورٹ طلب کی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اس پروجیکٹ کیلئے درکار5ہزار ایکڑ اراضی مختص کرے گی ون فاسٹ کے سی ای او فام سنہا چاؤ نے نائیڈؤ سے ملاقات کی۔
ون فاسٹ ویتنام کی آٹو موبائل کی ایک اہم کمپنی ہے۔چیف منسٹر نائیڈو نے ون فاسٹ کو آندھرا پردیش میں ای وی اور بیاٹری مینو فیکچرنگ یونٹ کے قیام کی دعوت دی۔