سعودی عرب میں اقامہ اور ملازمت قوانین کی خلاف ورزیوں پر 24 ہزار فیصلے
سعودی محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے انتظامی کمیٹیوں کی جانب سے ایک ماہ کے دوران (محرم 1446) اقامہ، ملازمت اور سرحدی امن قوانین کی خلاف ورزی پر تقریبا 24 ہزار فیصلے جاری کئے گئے۔
جدہ: سعودی محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے انتظامی کمیٹیوں کی جانب سے ایک ماہ کے دوران (محرم 1446) اقامہ، ملازمت اور سرحدی امن قوانین کی خلاف ورزی پر تقریبا 24 ہزار فیصلے جاری کئے گئے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ ’سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے خلاف مقررہ کارروائی کی گئی‘۔
’خلاف ورزیوں پر قید، جرمانے اور بے دخلی کی سزاؤں کا فیصلہ ہوا ہے‘۔
محکمہ پاسپورٹ نے مقامی شہریوں اورمقیم غیرملکیوں سے پھر کہا کہ ’وہ اقامہ، ملازمت اور سرحدی امن قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کو ٹرانسپورٹ، روزگار، رہائش، پناہ، کسی بھی قسم کے تعاون یا پردہ پوشی سے گریز کریں‘۔
اس سے قبل سعودی حکومت نے مملکت میں ملازمت کے ماحول کو بہتر بنانے کے حوالے سے لیبر قوانین میں اہم ترامیم کا اعلان کیا ہے۔
جدہ میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ہونے والے وزراء کی کونسل کے اجلاس میں لیبر قوانین کے کچھ آرٹیکلز میں ترمیم اور فنڈ ریزنگ سسٹم کی منظوری دی گئی۔
سعودی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے 180 دن بعد نئی ترامیم نافذ العمل ہوں گی۔
سعودی وزارت انسانی وسائل اور سماجی ترقی نے میڈیا کو اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ نئی ترامیم میں 38 آرٹیکلز شامل ہیں جبکہ سات کو حذف کیا گیا ہے اور دو نئے آرٹیکلز کو لیبر قانون میں شامل کیا گیا ہے۔
وزارت سماجی ترقی کے مطابق یہ ترامیم سعودی ملازمت مارکیٹ کی حکمت عملی اور بین الاقوامی معاہدوں كے مطابق ہیں جو مملکت نے منظور کیے ہیں۔
مذکورہ ترامیم کا مقصد مملکت میں لیبر مارکیٹ کی بہتری، ملازمت کے استحکام میں اضافہ، افرادی قوت کا فروغ اور شہریوں کے لئے ملازمت کے مواقع بڑھانا ہے۔