ہم زمین اور فضا میں اپنی افواج کو مضبوط کر رہے ہیں : اسرائیلی وزیر دفاع
اسرائیلی نشریاتی ادارے نے کہا کہ فوج نے جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر رفح میں اپنی کارروائیوں کو نئے علاقوں تک بڑھا دیا ہے اور فوج اب شہر کے مرکز کے قریب پہنچ رہی ہے۔

غزہ: غزہ کی پٹی کے ساحل کا دورہ کرنے کے بعد اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے یرغمالیوں کی واپسی کے لیے حالات پیدا کرنے کے لیے کام کرتے ہوئے رفح میں اضافی فورسز کی تعیناتی کا انکشاف کیا۔
انہوں نے ’’ڈوورا‘‘ کشتی پر سوار ہونے کے بعد کہا کہ ہم زمین اور فضا میں اپنی افواج کو مضبوط کر رہے ہیں۔ فوج اپنے اہداف تک پہنچ کر حماس کو سخت دھچکا دے گی اور اسے اس کی فوجی صلاحیتوں سے محروم کر دے گی۔ یرغمالیوں کو ان کے گھروں کو واپس کرنے کے لیے ضروری حالات پیدا کریں گے۔
قبل ازیں اسرائیلی نشریاتی ادارے نے کہا کہ فوج نے جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر رفح میں اپنی کارروائیوں کو نئے علاقوں تک بڑھا دیا ہے اور فوج اب شہر کے مرکز کے قریب پہنچ رہی ہے۔ اسرائیلی فورسز اس وقت برازیل کالونی اور شابورہ کالونی میں کام کر رہی ہیں جو رفح کے مرکز کے قریب ہیں۔
العربیہ کے مطابق فوج نے ایک بیان میں کہا کہ جنگی کارروائیوں کے دوران اسے دھماکہ خیز مواد اور راکٹ لانچر ملے ہیں اور اس کی کارروائیوں میں کئی عسکریت پسند مارے گئے۔ رفح میں آپریشن کے ساتھ ساتھ غزہ کی پٹی کے شمال اور مرکز میں بھی لڑائیاں زیادہ شدت سے جاری ہیں۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان ہاگری نے اعلان کیا کہ فوج نے حالیہ دنوں میں بیت حانون کے علاقے میں عسکریت پسندوں کو ختم کرنے اور مسلح انفراسٹرکچر اور زیر زمین انفراسٹرکچر کو تلاش کرنے اور تباہ کرنے کے لیے سلسلہ وار ٹارگٹڈ چھاپے مارے ہیں۔
واضح رہے رفح حملے کے معاملے نے غزہ کی پٹی سے متصل مصر کی قیادت میں کئی مغربی اور عرب ملکوں میں غم و غصہ پیدا کردیا ہے۔ واشنگٹن اور تل ابیب کے درمیان کشیدگی بھی غیر معمولی انداز میں بڑھ گئی ہے۔
تقریباً دو ہفتے قبل امریکی صدر نے اسی بنا پر اسلحے کی ایک کھیپ کو اسرائیل روانہ ہونے سے روک دیا تھا۔ امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے رفح شہر پر حملے کو روکنے کی آخری کوشش میں گزشتہ ہفتے کے روز تل ابیب کا سفر کیا تھا۔