سعودی عرب سانحہ، 45 مسافرین کی جان لینے والے اس حادثہ کی وجہ کیا تھی؟
سعودی عرب میں پیش آئے دل دہلا دینے والے بس حادثے نے بھارت، خصوصاً تلنگانہ اور حیدرآباد میں شدید غم و صدمے کی فضا پیدا کر دی ہے۔
حیدرآباد: سعودی عرب میں پیش آئے دل دہلا دینے والے بس حادثے نے بھارت، خصوصاً تلنگانہ اور حیدرآباد میں شدید غم و صدمے کی فضا پیدا کر دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق 45 بھارتی عمرہ زائرین اس حادثے میں جاں بحق ہوگئے ہیں، جبکہ صرف ایک نوجوان، محمد عبدالشعیب (24) زندہ بچ پایا ہے، جو اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔
حادثہ کیسے پیش آیا؟
پیر کی علی الصبح (17 نومبر) مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ جانے والی ایک بس مفرحات کے قریب ڈیزل ٹینکر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں بس میں آگ بھڑک اُٹھی۔
حادثہ بھارتی وقت کے مطابق تقریباً 1:30 بجے پیش آیا۔ بس میں 46 مسافر سوار تھے، جن میں سے تقریباً سبھی سو رہے تھے اور آگ لگنے کے باعث انہیں بچنے کا موقع نہ ملا۔
اس حادثے کی وجوہات پر تفتیش جاری ہے۔ تاہم، ابتدائی معلومات کے مطابق بس کی ڈیزل ٹینکر سے ٹکر ہی اس المناک سانحے کی بنیادی وجہ بنی۔ ٹکر کے فوراً بعد دونوں گاڑیوں میں شدید آگ بھڑک اُٹھی، جس کے باعث بس میں سوار متعدد مسافر — جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے — اندر ہی پھنس گئے۔
حادثے کے وقت ہونے والا دھماکہ اور آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ریسکیو ٹیموں کو امدادی کارروائیوں میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دلخراش سانحے کو سعودی عرب میں مقیم بھارتی برادری کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔
مقامی ریسکیو ٹیمیں اور سعودی حکام فوراً جائے حادثہ پر پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
حادثے کی ویڈیو بھی منظرعام پر
ایک ویڈیو میں حادثے کے بعد ایک شخص نے ویڈیو بناتے ہوئے اطلاع دی، جو کہہ رہا تھا کہ:
“مکہ سے مدینہ جانے والی بس جل گئی ہے، صرف ایک آدمی اور ڈرائیور بچ سکے ہیں، زیادہ تر لوگ حیدرآباد کے ہیں، اپنے گھروں پر خبر کر دو”۔
بھارتی قونصلیٹ کا 24/7 کنٹرول روم قائم
جدہ میں بھارتی قونصلیٹ نے فوری طور پر 24 گھنٹے کا کنٹرول روم قائم کر دیا ہے، جہاں سے متاثرہ خاندانوں کو معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔
رابطہ نمبر:
- 8002440003 (ٹول فری)
- 0122614093
- 0126614276
- 0556122301 (واٹس ایپ)