”آپ خود کو بار بار پٹوانے ہمارے ہاتھوں میں چھڑی کیوں دیتے ہیں:“ سدارامیا کا بی جے پی قائدین پر طنز
کانگریس حکومت کو گھیرنے جھوٹے پروپیگنڈے پر ریاستی بی جے پی قائدین پر طنز کرتے ہوئے چیف منسٹر نے ان سے ایک سخت سوال کیا۔ آپ ہمارے ہاتھوں میں چھڑی دے کر بار بار خود کو کیوں پٹوارہے ہیں؟

بنگلورو: کانگریس حکومت کو گھیرنے جھوٹے پروپیگنڈے پر ریاستی بی جے پی قائدین پر طنز کرتے ہوئے چیف منسٹر نے ان سے ایک سخت سوال کیا۔ آپ ہمارے ہاتھوں میں چھڑی دے کر بار بار خود کو کیوں پٹوارہے ہیں؟
“ مسلم رہنما نواز کو بنگلورو رورل ضلع کے ہوسکوٹی میں اویموکتیشورم سوامی مندر کی برہموتسو کمیٹی کا رکن مقرر کرنے پر تنقید کے جواب میں ریاستی بی جے پی قائدین آر اشوک، بی وائی وجیندر اور دیگر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سدارامیا نے نشاندہی کی کہ بی جے پی حکومت نے اسی برہموتسو کمیٹی میں 2020 اور 2022ء میں مسلم فرقہ کے رہنماؤں کا تقرر کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آپ یہ کیوں بھول گئے کہ آپ کی اپنی حکومتوں نے 2020 اور 2022ء میں مندر کی برہموتسو کمیٹی میں ایسا کیا تھا؟ اس سے بی جے پی قائدین کا تعصب اور فرضی ہندوتوا افتخار بے نقاب ہوتا ہے۔
“ سدارامیا نے بی جے پی قائدین سے کہا کہ ہوسکوٹی کا اویموکتیشور سوامی مندر تمام مذاہب کے ساتھ یکساں سلوک اور احترام کے لیے جانا جاتا ہے۔ یہ مندر تمام مذہبی پروگرامس میں تمام مذہبی طبقات کے افراد کو مدعو کرنے کے لیے شہرت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی جو 2020میں اقتدار میں تھی نے امتیاز پاشاہ کو مندر کی برہماتسو کمیٹی کا رکن مقرر کیا تھا۔ میں بی جے پی قائدین کی سطح تک گر کر کبھی یہ الزام عائد نہیں کروں گا کہ مندر کی مذہبی کمیٹیوں میں مسلمانوں کا تقرر‘ مسلمانوں کو ہندو منادر کی دولت لوٹنے کی اجازت دینے کے منصوبہ کا حصہ ہے۔“
بی جے پی کا ہر چیز کو زعفرانی چشمے سے دیکھنا لائق ملامت ہے۔ میں بس یہی امید اور خواہش کرسکتا ہوں کہ آپ (ریاستی بی جے پی قائدین) اور آپ کے سپریم لیڈر نریندر مودی‘ مسلم مخالف فوبیا سے جلد صحتیاب ہوجائیں۔“