بہار میں الیکشن چرانے کی سازش ناکام کردیں گے: راہول گاندھی
کانگریس قائد راہول گاندھی نے اتوار کے دن کہا کہ سارا ملک جانتا ہے کہ الیکشن کمیشن بی جے پی کی ملی بھگت سے الیکشنس ”چرارہا ہے“۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ انڈیا بلاک انہیں بہار اسمبلی الیکشن چرانے کی ان کی سازش میں کامیاب ہونے نہیں دے گا۔
سہسرام(بہار) (پی ٹی آئی) کانگریس قائد راہول گاندھی نے اتوار کے دن کہا کہ سارا ملک جانتا ہے کہ الیکشن کمیشن بی جے پی کی ملی بھگت سے الیکشنس ”چرارہا ہے“۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ انڈیا بلاک انہیں بہار اسمبلی الیکشن چرانے کی ان کی سازش میں کامیاب ہونے نہیں دے گا۔
1300 کلو میٹر طویل ووٹر ادھیکار یاترا کے آغاز کے موقع پر سہسرام میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں راہول گاندھی نے کہا کہ انہوں نے پریس کانفرنس میں ووٹ چوری کو بے نقاب کیا تھا جس کے بعد الیکشن کمیشن ان سے حلف نامہ داخل کرنے کو کہہ رہا ہے جبکہ ایسا مطالبہ بی جے پی قائدین سے نہیں کیا گیا جنہوں نے اپنی پریس کانفرنسوں میں ایسا ہی دعویٰ کیا تھا۔
راہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ سارے ملک میں اسمبلی اور لوک سبھا الیکشن چرائے جارہے ہیں۔ ان لوگوں کی آخری سازش بہار الیکشن چرانے کے لئے ایس آئی آر کے ذریعہ رائے دہندوں کے نام کاٹنا اور جوڑنا ہے۔ ہم انہیں بہار الیکشن چرانے نہیں دیں گے۔ غریبوں کے پاس صرف ووٹ کا ادھیکار ہوتا ہے اور وہ لوگ الیکشن چوری ہونے نہیں دیں گے۔ قائد اپوزیشن لوک سبھا نے کہا کہ سارا ملک جانتا ہے کہ الیکشن کمیشن کیا کررہا ہے۔
سارے ملک میں آر ایس ایس اور بی جے پی دستور کو تباہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ہر الیکشن میں بی جے پی جیت رہی ہے۔ مہاراشٹرا میں سارے اوپنین پول میں انڈیا باک کی جیت دکھائی گئی تھی۔ لوک سبھا میں ہمارا اتحاد جیتا لیکن 4ماہ بعد مہاراشٹرا میں بی جے پی اتحاد فاتح رہا کیونکہ ایک کروڑ ووٹرس کا اضافہ کردیا گیا تھا۔ ایسا جب بھی ہوتا ہے بی جے پی جیت جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس بتا چکی ہے کہ ایک اسمبلی حلقہ میں ایک لاکھ ووٹ چوری ہوئی اور بی جے پی نے لوک سبھا کی نشست جیت لی۔ یاترا کی شروعات کے وقت کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، آر جے ڈی صدر لالوپرسادیادو، قائد اپوزیشن بہار اسمبلی تیجسوی یادو، وکاس شیل انسان پارٹی کے مکیش سہانی، سی پی آئی (ایم ایل)لبریشن کے جنرل سکریٹری دیپانکربھٹاچاریہ، سی پی آئی ایم کی سبھاشنی علی اور سی پی آئی کے پی سندوش کمار موجود تھے۔
بہار میں اسمبلی الیکشن کو چند ماہ رہ گئے ہیں۔ ووٹ ادھیکار یاترا 16دن بعد یکم ستمبر کو پٹنہ پہنچ کر ایک ریالی کی شکل میں اختتام پذیر ہوگی۔ یہ یاترا اورنگ آباد، گیا، نوادا، نالندہ، شیخ پورہ، لکھی سرائے، مونگیر، بھاگلپور، کٹیہار، پورنیہ، ارڑیا، مدھوبنی، دربھنگہ، سیتامڑھی، گوپال گنج، سیوان، چھپرا اور آراسے گزرے گی۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے اپنے خطاب میں کہا کہ مرکز میں جب تک بی جے پی زیرقیادت حکومت برسراقتدار رہے گی دستور خطرہ میں رہے گا اور عوام کے حقوق محفوظ نہیں رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے لڑتی ہے۔ ووٹ کا حق چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے۔ الیکشن کمیشن مودی حکومت کے ایجنٹ کی طرح کام کررہا ہے۔ کانگریس صدر نے کہا کہ وزیراعظم نے آر ایس ایس کی ستائش کی اور کہا کہ وہ گزشتہ 100سال سے ملک کی خدمت کررہی ہے لیکن یہ تنظیم انگریزوں کے ساتھ کام کرچکی ہے۔ اِس نے ان لوگوں کی تائید کی تھی جو ہندوستان کی آزادی کے خلاف تھے۔ کانگریس نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے لڑائی لڑی اور لڑتی رہے گی۔ کھرگے نے دعویٰ کیا کہ بہار میں این ڈی اے حکومت کو آنے والے اسمبلی الیکشن میں عوام بے دخل کردیں گے۔