حیدرآباد

ریاستی حکومت 2 لاکھ ملازمتوں کی فراہمی کے لئے پرعزم: ریونت ریڈی، زائد از 13 ہزار پولیس کانسٹیبلوں کو تقررات نامے حوالے

ریونت ریڈی نے تلنگانہ کے بے روزگار نوجوانوں کو یقین دلایا کہ ریاستی حکومت ان کے ساتھ کئے گئے اپنے تمام وعدوں کو پورا کرے گی اور اگلے 10 سالوں میں ان کے لئے اندرراما راجیم قائم کر دکھائے گی۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ ان کی حکومت بے روزگاری کے مسئلہ کو حل کرنے اور تقررات میں غلطیوں کی کوئی گنجائش کے بغیر 2 لاکھ سرکاری ملازمتوں کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے۔

متعلقہ خبریں
حیدرآباد دونوں ریاستوں کا مشترکہ دارالحکومت نہیں رہا
صدر ٹی پی سی سی کے عہدہ کیلئے کانگریس قائدین کی دوڑ دھوپ
صفا بیت المال سے تیس بیروزگار نوجوانوں میں ٹو وہیلرس کی تقسیم
تلنگانہ میں کانگریس کو 10 نشستیں ملیں گی، چیف منسٹر پرامید
1969 کی تحریک میں طلبہ پر کس نے گولی چلانے کی ہدایت دی؟ کے ٹی آر کا سوال

انہوں نے تلنگانہ کے بے روزگار نوجوانوں کو یقین دلایا کہ ریاستی حکومت ان کے ساتھ کئے گئے اپنے تمام وعدوں کو پورا کرے گی اور اگلے 10 سالوں میں ان کے لئے اندرراما راجیم قائم کر دکھائے گی۔

چہارشنبہ کو یہاں کے ایل بی اسٹیڈیم میں 13,444 نومنتخب پولیس کانسٹیبلوں کو تقرر نامے حوالے کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ نئی کانگریس حکومت ان قانونی پیچیدگیوں کو دور کررہی ہے جو تقررات میں رکاوٹ ہیں۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ حوصلہ نہ ہاریں اور نہ ہی خودکشی کا راستہ اختیار کریں کیونکہ حکومت مرحلہ وار ملازمتیں فراہم کرے گی۔  انہوں نے کہا کہ یہ حکومت آپ کی ہے – یہ غریبوں اور عوام کی حکومت ہے۔

وزیر اعلیٰ نے نشاندہی کی کہ ریاستی حکومت نے اپنے وعدوں پر عمل کیا اور نرسنگ جائیدادوں اور سنگارینی کے مخلوعہ عہدوں پر بھرتی مکمل کی۔ انہوں نے کہا کہ کانسٹیبلوں کے تقررات نامے بھی وعدے کے مطابق 15 دنوں کے اندر جاری کردیئے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 10 سالوں سے تقررات میں تاخیر کو ختم کرنے کے لئے ہم نے عمر کی بالائی حد کو 44 سے بڑھا کر 46 سال بھی کر دیا ہے۔ اس موقع پر ریاستی وزراء پونم پربھاکر، ٹی ناگیشور راؤ اور جوپلی کرشنا راؤ کے ساتھ چیف سکریٹری اے شانتی کماری اور دیگر بھی موجود تھے۔

مجسمہ راجیو گاندھی کا سنگ بنیاد

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بعد ازاں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر تلنگانہ اسٹیٹ سکریٹریٹ کے سامنے خالی اراضی میں سابق وزیراعظم آنجہانی راجیو گاندھی کے مجسمہ کی تنصیب کا سنگ بنیاد رکھا۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس لیڈر سونیا گاندھی کو جلد ہی مجسمہ کے افتتاح کے لئے مدعو کیا جائے گا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ راجیو گاندھی نے ملک میں ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر میں انقلابی اصلاحات لائیں اور ملک کے لئے اپنی جان قربان کی۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں میں تحریک پیدا کرنے کے لئے ان کا مجسمہ سیکرٹریٹ کے سامنے نصب کیا جا رہا ہے۔

a3w
a3w