قومی
ٹرینڈنگ

کیا اب 14 کلو کے ایل پی جی سلنڈر میں صرف 10 کلو گیس ہوگی؟ حکومت نے کیا کہا جانئے

حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی غیر مصدقہ خبر یا افواہ پر یقین نہ کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری کردہ معلومات پر ہی اعتماد کریں۔ ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ گیس کی دستیابی کو لے کر گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

نئی دہلی: حالیہ دنوں سوشل میڈیا اور بعض خبروں میں یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ حکومت گھریلو استعمال کے 14.2 کلوگرام والے ایل پی جی سلنڈر کو کم کرکے 10 کلوگرام کرنے والی ہے، جس کے بعد عوام میں تشویش پھیل گئی تھی۔ تاہم حکومت نے اب اس معاملہ پر واضح موقف اختیار کرتے ہوئے ان خبروں کو مکمل طور پر افواہ قرار دیا ہے۔

ملک میں ایل پی جی سپلائی کے حوالہ سے صورتحال بتدریج بدل رہی ہے اور خلیجی ممالک میں جاری کشیدگی کے اثرات ہندوستان کی گیس سپلائی پر بھی پڑنے کی خبریں سامنے آ رہی تھیں۔ ایسے میں سلنڈر کے وزن میں کمی کی باتوں نے عوام کو مزید پریشان کر دیا تھا۔

پیٹرولیم و قدرتی گیس کی وزارت نے ان دعوؤں کو سراسر غلط اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 14.2 کلوگرام کے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کو 10 کلوگرام میں تبدیل کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔

افواہوں پر حکومت کا دو ٹوک جواب

وزارت میں جوائنٹ سکریٹری سجاتا شرما نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایسی خبریں "محض قیاس آرائیوں پر مبنی” ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان افواہوں پر دھیان نہ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ترجیح اس وقت گیس سپلائی کو مستحکم رکھنا اور غیر قانونی کاروبار پر روک لگانا ہے، نہ کہ سلنڈر کے وزن میں کوئی تبدیلی کرنا۔

ایل پی جی سپلائی کی موجودہ صورتحال

حکومت کے مطابق ملک بھر میں ایل پی جی کی سپلائی معمول کے مطابق جاری ہے اور کہیں بھی گیس کی قلت نہیں ہے۔ عوام کی جانب سے گھبراہٹ میں اضافی بکنگ کا رجحان بھی اب کم ہو چکا ہے اور گیس کی ترسیل معمول کے مطابق ہو رہی ہے۔

پی این جی کنکشن میں اضافہ

سجاتا شرما نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران تقریباً 3.5 لاکھ نئے گھریلو اور کمرشیل پی این جی کنکشن فراہم کیے گئے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد گیس سپلائی کو مزید مضبوط بنانا اور صارفین کو متبادل سہولت فراہم کرنا ہے۔

کمرشیل ایل پی جی پر نیا فیصلہ

حکومت نے کمرشیل ایل پی جی کے حوالہ سے بھی اہم فیصلہ لیا ہے۔ اب 50 فیصد کمرشیل ایل پی جی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو فراہم کی جائے گی، جس کا استعمال ریستوران، ڈھابے، ہوٹل، صنعتی کینٹین، ڈیری یونٹس اور کمیونٹی کچن میں ہوگا۔ اس میں مہاجر مزدوروں کے لیے 5 کلوگرام کے چھوٹے سلنڈر (FTL) بھی شامل ہیں۔ اب تک تقریباً 20 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں یہ نظام نافذ کیا جا چکا ہے اور تقریباً 15,800 ٹن کمرشیل ایل پی جی استعمال ہو چکی ہے۔

عوام کے لیے اہم مشورہ

حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی غیر مصدقہ خبر یا افواہ پر یقین نہ کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری کردہ معلومات پر ہی اعتماد کریں۔ ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ گیس کی دستیابی کو لے کر گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔