یوگی آدتیہ ناتھ کو جان سے مارنے کی دھمکی‘ ایک عورت گرفتار
واقعات کے حیرت انگیز موڑ میں ممبئی پولیس کو ایک مسیج ملا جس میں چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی۔
نئی دہلی (آئی اے این ایس) واقعات کے حیرت انگیز موڑ میں ممبئی پولیس کو ایک مسیج ملا جس میں چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی۔
ممبئی پولیس ٹریفک کنٹرول سیل کو بھیجے گئے مسیج میں خبردار کیا گیا کہ چیف منسٹر یوگی نے اندرون 10یوم استعفیٰ نہ دیا تو انہیں بابا صدیقی کی طرح ہلاک کردیا جائے گا۔
مہاراشٹرا کے سابق وزیر بابا صدیقی کو 12اکتوبر کو ممبئی کے باندرہ ایسٹ میں مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ نے گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔ ہفتہ کی شام نامعلوم نمبر سے مسیج آیا۔ بعد ازاں مسیج بھیجنے والی عورت کو پتہ چلاکر گرفتارکرلیا گیا۔
یہ واضح نہیں کہ اُس نے یہ مسیج کیوں بھیجا۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ حکام نے مسیج ملنے کے بعد چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کی سیکوریٹی بڑھادی۔
قبل ازیں ممبئی ٹریفک پولیس کو ایسے ہی مسیج میں بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو دھمکی دی گئی تھی۔ باندرہ سے ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔ بابا صدیقی کے قتل کے بعد ممبئی ٹریفک پولیس کو اِس قسم کا یہ تیسرا مسیج ہے۔