خواتین کانگریس کا نامپلی میں احتجاجی دھرنا (ویڈیو)
ملک میں بی جے پی حکومت پر ایک اور سنگین الزام لگایا گیا ہے۔ خواتین کانگریس صدر سونیتا راؤ نے صاف طور پر کہا ہے کہ مرکزی بی جے پی حکومت، الیکشن کمیشن کے تعاون سے ووٹ چوری کر رہی ہے۔
حیدرآباد: ملک میں بی جے پی حکومت پر ایک اور سنگین الزام لگایا گیا ہے۔ خواتین کانگریس صدر سونیتا راؤ نے صاف طور پر کہا ہے کہ مرکزی بی جے پی حکومت، الیکشن کمیشن کے تعاون سے ووٹ چوری کر رہی ہے۔
انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے اس بیان کو ثبوت کے طور پر پیش کیا کہ اگلے تیس سال تک بی جے پی ہی اقتدار میں رہے گی۔ سونیتا راؤ نے طنز کرتے ہوئے سوال کیا کہ اگر الیکشن کمیشن بی جے پی کا سہارا نہ بنے تو آخر امیت شاہ کو یہ یقین کہاں سے آیا۔
اس موقع پر خواتین کانگریس قائدین نے نامپلی میں بی جے پی کے ریاستی دفتر کی طرف احتجاجی ریلی نکالی، لیکن پولیس نے انہیں دفتر تک جانے سے روک دیا۔ مظاہرین نے گاندھی بھون گیٹ کے سامنے ہی دھرنا دے دیا اور وہاں زور زور سے نعرے لگائے گئے: ووٹ چور… گدی چھوڑ!
خواتین کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی سے براہِ راست مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس ووٹ چوری کے الزام پر وضاحت پیش کریں اور قوم کو جواب دیں۔
سوال بڑا سیدھا ہے… کیا جمہوریت کے نام پر اقتدار کی کرسی تیس سال کے لیے بُک کی جاچکی ہے؟ یا پھر واقعی الیکشن کمیشن بی جے پی کے لیے انتخابی مشین بن چکا ہے؟