مہاراشٹرا

ورلی ہٹ اینڈ رن کیس: مہر شاہ کی موجودگی پولیس نے کی منظر کشی

پولیس نے بتایا کہ 24 سالہ ملزم کو معلوم تھا کہ خاتون اس کی گاڑی کے ٹائر میں پھنس گئی ہے، اس کے باوجود اس نے لاپرواہی سے گاڑی چلانا جاری رکھی اور رکا نہیں۔

ممبئی: ورلی ہٹ اینڈ رن کیس میں ممبئی پولیس نے جمعرات کو کلیدی ملزم مہر شاہ کی موجودگی میں ورلی کے سی جے ہاؤس سے سی لنک تک ورلی بی ایم ڈبلیو ہٹ اینڈ رن کیس کا منظر دوبارہ دوہرایا۔

اس کے ساتھ ہی پولیس نے مہر شاہ اور ڈرائیور وداوت کو آمنے سامنے بٹھا کر پوچھ تاچھ کی۔ جس کے بعد دونوں ملزمان نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق مہر شاہ نے اعتراف کیا کہ وہ حادثے کے وقت کار چلا رہا تھا جس کی وجہ سے کاویری نکھوا (45) جو کہ دو پہیہ پر سوار تھی، کی موت ہوگئی جبکہ اس کا شوہر پردیپ جو سکوٹر چلا رہا تھا ، زخمی ہو گیا۔

پولیس نے بتایا کہ 24 سالہ ملزم کو معلوم تھا کہ خاتون اس کی گاڑی کے ٹائر میں پھنس گئی ہے، اس کے باوجود اس نے لاپرواہی سے گاڑی چلانا جاری رکھی اور رکا نہیں۔

یہ واقعہ اتوار کی صبح ممبئی کے ورلی علاقے میں اس وقت پیش آیا جب ملزم پارٹی سے واپس آرہا تھا۔

واقعہ کے بعد شاہ اپنی کار اور ڈرائیور کو چھوڑ کر آٹو رکشا میں فوراً بھاگ گیا۔ پولیس کے مطابق وہ سب سے پہلے گورگاؤں میں اپنی گرل فرینڈ کے گھر پہنچا، جہاں سے اس کی بہن اسے بوریولی میں اپنے گھر لے گئی۔

اس کے بعد شاہ اپنے دوستوں اور کنبہ کے افراد کے ساتھ تھانے ضلع کے شاہ پور کے ایک ریزورٹ میں بھاگ گیا۔

پولیس نے شاہ کو منگل کو شاہ پور سے گرفتار کیا تھا۔ واردات سے پہلے ملزم اور اس کے دوست وہسکی کے 12 بڑے پیگ پی چکے تھے۔ اس معاملے کی گہرائی سے تفتیش جاری ہے۔

a3w
a3w