ضیاء گوڑا کمیلہ کو ماڈرن سلاٹر ہاؤس بنانے کے لیے وفد کی انچارج وزیر پونم پربھاکر سے ملاقات
کاروان حلقہ اسمبلی کے انچارج کی قیادت میں آرے کٹک چرم کش سنگھ کے وفد نے ضیاء گوڑا کمیلہ کو ماڈرن سلاٹر ہاؤس بنانے کے مطالبے کے سلسلے میں انچارج وزیر جناب پونم پربھاکر سے ملاقات کی اور ایک یادداشت پیش کی۔
حیدرآباد: کاروان حلقہ اسمبلی کے انچارج کی قیادت میں آرے کٹک چرم کش سنگھ کے وفد نے ضیاء گوڑا کمیلہ کو ماڈرن سلاٹر ہاؤس بنانے کے مطالبے کے سلسلے میں انچارج وزیر جناب پونم پربھاکر سے ملاقات کی اور ایک یادداشت پیش کی۔
حلقہ اسمبلی کاروان کے ضیاء گوڑا میں واقع قدیم سلاٹر ہاؤس، جس میں تقریباً 5 ہزار افراد کا روزگار وابستہ ہے، کو 11 سال قبل کانگریس دورِ حکومت میں ماڈرن بنانے کے لیے منظوری دی گئی تھی۔ تاہم، ٹی آر ایس حکومت کے دور میں یہ معاملہ تعطل کا شکار ہوگیا اور کے ٹی آر کی جانب سے صرف زبانی وعدے کیے گئے، جس سے لوگوں کو دس سال تک دھوکہ دیا جاتا رہا۔
ضیاء گوڑا کے سلاٹر ہاؤس میں بکرے فروخت کرنے، خریدنے اور ذبح کرنے والے افراد کو کیچڑ میں کام کرنے پر مجبور کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں کئی افراد جلدی امراض سے متاثر ہوچکے ہیں۔ واضح رہے کہ اس مسئلے کے حل کے لیے جناب عثمان بن محمد الھاجری کی قیادت میں سلاٹر ہاؤس کے وفد نے گذشتہ سال اس وقت کے صدر ٹی پی سی سی اور موجودہ چیف منسٹر جناب ریونت ریڈی سے ملاقات کرکے سارے مسائل سے واقف کرایا تھا۔ اس ملاقات پر انہوں نے وفد سے وعدہ کیا تھا کہ کانگریس پارٹی ماڈرن سلاٹر ہاؤس کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔
حال ہی میں، چیف منسٹر جناب ریونت ریڈی کی ہدایت پر انچارج وزیر جناب پونم پربھاکر نے متعلقہ محکمہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے ماڈرن سلاٹر ہاؤس کی تعمیر میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کے احکامات دیے ہیں۔ انہوں نے کاروان انچارج جناب عثمان الھاجری سے وعدہ کیا کہ وہ جلد از جلد ضیاء گوڑا سلاٹر ہاؤس کا دورہ کریں گے تاکہ ماڈرن سلاٹر ہاؤس کی تعمیر کو یقینی بنایا جا سکے۔
وفد میں ضیاء گوڑا ڈیویژن پریسیڈنٹ و آرے کٹک چرم کش سنگھ کے جنرل سیکرٹری درشن کمار، صدر ششی کانت راؤ، صدر نرسنگ راؤ، ونود چوگلے، گروداس، ہری کشن، گیانیشور، ستیم، دلاور لال اور دیگر احباب شامل تھے۔