حیدرآباد

حیدرآباد اسٹیٹ لبریشن تقاریب منانے مرکز کا فیصلہ: کشن ریڈی

مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر، چیف منسٹر مہاراشٹرا یکناتھ شنڈے اور چیف منسٹر کرناٹک بسوا راج بومائی کو حیدرآباد لبریشن ڈے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

نئی دہلی / حیدرآباد: مرکز کی بی جے پی حکومت نے حیدرآباد اسٹیٹ لبریشن کے 75 سال کی تکمیل پر ایک سالہ طویل تقاریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ افتتاحی پروگرام 17 ستمبر کو منعقد ہوگا جس میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ مہمان خصوصی ہوں گے۔

مرکزی وزیرسیاحت جی کشن ریڈی نے ہفتہ کے روز بتایا کہ افتتاحی پروگرام پر یڈ گراونڈ پر منعقد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ، کرناٹک اور مہاراشٹرا کے وزرائے اعلیٰ کو علیحدہ طور پر مکتوبات روانہ کرتے ہوئے انہیں افتتاحی پروگرام میں مدعو کیا گیا ہے۔

کشن ریڈی نے ان تین چیف منسٹرس کو مکتوبات روانہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ بتاتے ہوئے مسرت ہورہی ہے کہ مختلف پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد حکومت ہند نے حیدرآباد اسٹیٹ لبریشن کا75 سالہ جشن منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلہ میں حکومت ہند نے ایک سالہ طویل پروگرام کی منظوری دی ہے۔ حیدرآباد اسٹیٹ لبریشن تقاریب کا آغاز17ستمبر2022 سے ہوگا اور اس کا اختتام17 ستمبر2023 کو عمل میں آئے گا۔ انہوں نے تینوں وزرائے اعلیٰ سے خواہش کی کہ وہ افتتاحی پروگرام میں شرکت کریں۔

 یہ ایک سالہ طویل پروگرام پوری ریاست میں منایا جائے گا۔ نمائندہ منصف کے مطابق مرکزی حکومت نے سرکاری سطح پر17 ستمبر کو حیدرآباد لبریشن ڈے تقاریب منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر، چیف منسٹر مہاراشٹرا یکناتھ شنڈے اور چیف منسٹر کرناٹک بسوا راج بومائی کو حیدرآباد لبریشن ڈے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ یہ تقریب 17 ستمبر کو سکندرآباد کے پریڈ گراونڈ پر منعقد ہوگی۔