نمائش کلب میں زندہ دلان حیدرآباد کی محفلِ لطیفہ گوئی، “خوش رہیں اور خوشیاں بانٹیں” کا پیغام عام
نمائش کلب میں تنظیم “زندہ دلان حیدرآباد” کے زیر اہتمام ایک شاندار محفلِ لطیفہ گوئی کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں شہر کی ممتاز علمی، ادبی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کا مرکزی پیغام تھا: “زندگی کو خوشگوار بنانے کے لیے خوش رہیں اور خوشیاں بانٹیں”۔
حیدرآباد: نمائش کلب میں تنظیم “زندہ دلان حیدرآباد” کے زیر اہتمام ایک شاندار محفلِ لطیفہ گوئی کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں شہر کی ممتاز علمی، ادبی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کا مرکزی پیغام تھا: “زندگی کو خوشگوار بنانے کے لیے خوش رہیں اور خوشیاں بانٹیں”۔
رکن کلچرل کمیٹی نمائش سوسائٹی حیدرآباد جناب مخیر حیدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ نمائش سوسائٹی نے رواں سال سو سے زائد تہذیبی و ثقافتی پروگرام منعقد کیے ہیں اور کل ہند سطح پر موسیقی کا خصوصی پروگرام بھی رکھا گیا، جس میں ایک 15 سالہ باصلاحیت نوجوان کو بھی موقع فراہم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآبادی عوام کا حسِ مزاح بلند پایہ ہے اور اس طرح کی محفلیں سماجی روابط کو مستحکم کرتی ہیں۔ انہوں نے زندہ دلان حیدرآباد اور بالخصوص ڈاکٹر مصطفیٰ کمال کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج کی مصروف زندگی میں ایسی محفلیں لوگوں کو قریب لانے کا ذریعہ بنتی ہیں۔
جناب غلام احمد نورانی نے کہا کہ نمائش میں تجارت کے ساتھ ساتھ ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے اور گزشتہ ایک دہائی سے اردو، تلگو اور ہندی زبانوں میں پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زندگی مزاح کے بغیر بے معنی ہے اور اردو زبان تہذیب و ثقافت کی بہترین عکاس ہے۔
ڈائریکٹر دائرۃ المعارف عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر ایس اے شکور نے محفل کو عوام کے لیے ایک نعمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہنسی دل اور دماغ کو سکون پہنچاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ چند منٹ ہنسنا صحت کے لیے مفید ہے۔ حاجی سجاد میمن نے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسکراتا رہنا طویل اور پرسکون زندگی کا ذریعہ ہے۔
پروفیسر احمد بیگ، پروفیسر مسعود احمد اور دیگر مقررین نے بھی محفل لطیفہ گوئی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں۔ صدارتی خطاب میں پروفیسر محمد شوکت حیات نے زندہ دلان حیدرآباد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نمائش سوسائٹی تہذیبی و ادبی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
محفل کی نظامت بین الاقوامی شہرت یافتہ طنز و مزاح کے شاعر ڈاکٹر شاہد عدیلی نے کی۔ انہوں نے اپنی برجستہ گفتگو اور دلچسپ لطائف سے محفل کو زعفران زار بنا دیا اور سامعین کو خوب محظوظ کیا۔
تقریب میں ڈاکٹر سید مصطفیٰ کمال، جناب انیس احمد، جناب حسین ایم سلیم، جناب ساجد ربانی، جناب محمد بشیرالدین، جناب کمال احمد، سید وحید اللہ حسینی، محمد حسام الدین ریاض، محترمہ مجیب النساء بیگم، محترمہ عذرا سلطانہ اور دیگر معززین نے شرکت کی۔
محفل خوشگوار ماحول اور قہقہوں کے درمیان اپنے اختتام کو پہنچی، جس میں شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی ایسی مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کا حصہ بنتے رہیں گے۔