صحت

دل کا دورہ پڑنے سے آٹھویں جماعت کی طالبہ فوت، اسکول انتظامیہ ذمہ دار: والدین

پرنسپل سمیتا بین کے مطابق جب لڑکی ریا سونی کلاس میں اچانک گر پڑی تو اس کی ہم جماعت ساتھیوں اور اساتذہ نے اسے ہوش میں لانے کے لئے اس کی ہتھیلیوں اور تلوؤں کو رگڑنا شروع کردیا تاہم وہ ہوش میں نہیں آئی۔

راجکوٹ: راجستھان کے راجکوٹ میں واقع شری امرت لال ویرچند جسانی ودیا مندر اسکول میں آٹھویں جماعت کی طالبہ کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی۔

متعلقہ خبریں
میاچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے کرکٹر کی موت
”میرا تیسرا جنم ہوا ہے“ ایچ ڈی کمارا سوامی کا بیان

شدید دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر جانے والی طالبہ کے والدین نے اس کی موت کا ذمہ دار اسکول انتظامیہ کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ شدید سردی کی لہر کے دوران حکام کی طرف سے تجویز کردہ سویٹر، لڑکی کی حفاظت کے لئے کافی نہیں تھا۔

پرنسپل سمیتا بین کے مطابق جب لڑکی ریا سونی کلاس میں اچانک گر پڑی تو اس کی ہم جماعت ساتھیوں اور اساتذہ نے اسے ہوش میں لانے کے لئے اس کی ہتھیلیوں اور تلوؤں کو رگڑنا شروع کردیا تاہم وہ ہوش میں نہیں آئی۔

دوسری جانب ریا سونی کے والدین نے الزام لگایا ہے کہ ان کی بیٹی بالکل صحت مند تھی اور کسی بیماری میں مبتلا نہیں تھی۔

راجکوٹ ڈسٹرکٹ پرائمری ایجوکیشن آفیسر (ڈی پی ای او) کو لکھے خط میں شری امرت لال ویرچند جسانی ودیامندر اسکول کے پرنسپل نے کہا کہ منگل کے دن انگلش میڈیم کلاس VIII کی طالبہ ریا سونی نے صبح 7.23 بجے بے چینی کی شکایت کی۔

اس کے بعد اس کے والدین کو بلایا گیا جو اسے دواخانہ لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

متوفی لڑکی کے والدین کا کہنا ہے کہ اگر ڈی پی ای او کی ہدایت کے مطابق اسکول انتظامیہ نے اپنے اوقات صبح 7.30 کے بجائے 8.30 سے تبدیل کئے ہوتے تو ان کی بچی نہ مرتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ کی طرف سے تجویز کردہ سویٹر سردی کی لہر میں بچوں کی حفاظت کے لئے کافی نہیں تھے۔

ڈی پی ای او بی ایس کیلا نے بتایا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ ریا سونی کی موت سردی کی لہر کے باعث ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹرس کی ابتدائی تشخیص یہ ہے کہ بچی کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے۔

اس کے خون کے نمونے ایف ایس ایل بھیجے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف ایس ایل دیگر ٹسٹ بھی کرے گا اور اس کے بعد ہی موت کی اصل وجہ معلوم ہوسکے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسکول کے حفاظتی اصولوں کے مطابق اسکول انتظامیہ کو ضرورت کے لحاظ سے اوقات کے بارے میں فیصلہ کرنا چاہئے خواہ وہ سردی کی لہر ہو، شدید بارش ہو یا گرمی کی لہر، انتظامیہ کو اسکولوں کے اوقات مناسب رکھنےچاہئیں۔  

انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن انسپکٹر اور عملہ طلباء کے موسم سرما کے ملبوسات (یونیفارم) کی جانچ کے لئے اسکولوں کے دوروں میں اضافہ کریں گے۔