ایلن مسک ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بنے
امریکی ارب پتی اور کاروباری شخصیت ایلن مسک نے جمعرات کو بلومبرگ بلینیئرز (بی بی آئی) کی دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں دوبارہ سرفہرست مقام حاصل کر لیا ہے
لندن: امریکی ارب پتی اور کاروباری شخصیت ایلن مسک نے جمعرات کو بلومبرگ بلینیئرز (بی بی آئی) کی دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں دوبارہ سرفہرست مقام حاصل کر لیا ہے کیونکہ امریکی الیکٹرک کار بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے شیئرز میں ایک دن پہلے ہی 1.38 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
اس کے بعد ایل وی ایم ایچ کے سی ای او برنارڈ آرنالٹ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے۔ دنیا کے ارب پتیوں کی فہرست کے مطابق مسک کی مالیت کا تخمینہ اب 192 بلین ڈالر ہے، جس میں 2023 کے آغاز سے لے کر اب تک 55.3 بلین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جبکہ ارنالٹ کی مالیت 187 بلین ڈالر ہے جس میں جنوری کے آغاز سے اب تک 24.5 بلین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
امیزون کے بانی جیف بیجوس 144 بلین ڈالر کی مجموعی مالیت کے ساتھ تیسرے اور مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس 125 بلین ڈالر کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔
21اپریل کو مسک کے اسٹار شپ خلائی جہاز کی ناکامی اور ٹیسلا کی پہلی مالیاتی سہ ماہی رپورٹ کی اشاعت کے بعد اسے 12.6 بلین ڈالر کا نقصان ہوا جو اس کی دولت کا سات فیصد تھا اور وہ 164 بلین ڈالر کے ساتھ دنیا کے ارب پتیوں کی فہرست میں دوسرے مقام پر پہنچ گئے تھے۔