حیدرآبادسوشیل میڈیا

شہر میں چینی مانجہ کی زد میں آنے سے چند افراد زخمی

سنکرانتی تہوار میں پتنگ بازی میں چینی مانجہ کی فروخت اور اس کے استعمال پر عائد امتناع کے باوجود دونوں شہروں کے مختلف مقامات پر چینی مانجہ فروخت کیا گیا اور اس مانجہ کے استعمال سے چند معصوم افراد بھی زخمی ہوگئے۔

حیدرآباد: سنکرانتی تہوار میں پتنگ بازی میں چینی مانجہ کی فروخت اور اس کے استعمال پر عائد امتناع کے باوجود دونوں شہروں کے مختلف مقامات پر چینی مانجہ فروخت کیا گیا اور اس مانجہ کے استعمال سے چند معصوم افراد بھی زخمی ہوگئے۔ ان کی تعداد 5 سے زیادہ بتائی گئی ہے۔

بتایاجاتا ہے کہ پتنگ کٹ جانے کے بعد برقی تاروں یا درختوں کی شاخوں سے لٹکتے مانجہ کی زد میں آنے سے چند افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ ان میں ایک حافظ قرآن بھی شامل ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ پتنگ بازی کے دوران اور لٹکتے چینی مانجوں کی زد میں آنے سے چند افراد کے گلے، چہرہ اور ہاتھ زخمی ہوگئے۔

یہ زخمی افراد مختلف دواخانوں میں زیر علاج ہیں۔ دودن قبل شہر کے نواحی علاقہ ایل بی نگر میں ایک کمسن لڑکی کے گلے کے اطراف لٹکتا چینی مانجہ لپیٹ گیا جس کی وجہ سے یہ کمسن شدید زخمی ہوگئی تھی۔ شہر کے پیپلز پلازہ پر پتنگ بازوں کا ہجوم دیکھا گیا۔

شہر کے دیگر علاقوں منگل ہاٹ، شاہ عنایت گنج، مہدی پٹنم، کلثوم پورہ، شاہ علی بنڈہ، مغل پورہ، سنتوش نگر، حسینی علم، بالاپور، میلاردیوپلی، راجندر نگر،بدویل، شمس آباد، ماریڈ پلی، رام گوپال پیٹ، عنبرپیٹ، نلہ کنٹہ، سعید آباد، حبشی گوڑہ، تارناکہ اور سائبرآباد، راچہ کنڈہ کے کئی علاقوں میں آج صبح سے شام تک پتنگس اُڑائی گئیں۔ کمشنرپولیس سی وی آنند، سائبر آباد کمشنر پولیس ایم اسٹیفن رویندرا اور کمشنر پولیس راچہ کنڈہ ڈی ایس چوہان نے تہوار کے سلسلہ میں معقول پولیس بندوبست کیا تھا۔