بی جے پی کیخلاف اپوزیشن کو متحد کرنے میں اہم رول ادا کروں گا: نتیش کمار
نتیش کمار نے کہاکہ میں اپنی ریاست کی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔ یہ پوچھنے پر کہ اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے میں وہ اپنے لئے کیا رول دیکھتے ہیں تو نتیش کمار نے جواب دیا کہ میرا رول مثبت ہوگا۔ مجھے کئی ٹیلی فون کالس آرہی ہیں۔
پٹنہ: چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے جمعہ کے دن کہا کہ وہ وزیراعظم بننے کے عزائم نہیں رکھتے لیکن مرکز میں برسراقتدار این ڈی اے حکومت کے خلاف اپوزیشن کو متحد کرنے میں ”مثبت“ رول ادا کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے بہار کی نئی حکومت کے خلاف سنٹرل بیورو آف انوسٹیگیشن(سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ(ای ڈی) کے ”بے جا استعمال“کے اندیشوں کو خارج کیا۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو ان ایجنسیوں کا بے جا استعمال کرنے کی عادت ہے انہیں عوامی برہمی جھیلنی پڑے گی۔ صحافیوں کے یہ پوچھنے پر کہ آیا بہار کے عوام ایک دن انہیں وزیراعظم کی شکل میں دیکھیں گے‘ نتیش کمار نے ہاتھ جوڑکر کہا کہ برائے مہربانی مجھ سے ایسے سوالات نہ کریں۔ میں کئی بار کہہ چکا ہوں کہ میں یہ عزائم نہیں رکھتا۔
میں اپنی ریاست کی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔ یہ پوچھنے پر کہ اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے میں وہ اپنے لئے کیا رول دیکھتے ہیں تو نتیش کمار نے جواب دیا کہ میرا رول مثبت ہوگا۔ مجھے کئی ٹیلی فون کالس آرہی ہیں۔ میری خواہش ہے کہ ساری اپوزیشن‘ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے کے خلاف متحد ہوجائے۔
آنے والے دنوں میں آپ ایسا کچھ ہوتا دیکھیں گے۔ اس سوال پر کہ آیا بہار کی نئی حکومت کو ای ڈی اور سی بی آئی کے ذریعہ دھمکایا جائے گا‘ چیف منسٹر نے کہا کہ مجھے ایسا کوئی اندیشہ نہیں۔ ایک بات یاد رکھئے ایجنسیوں کا بے جا استعمال کرنے کی بعض لوگوں کو عادت پڑگئی ہے۔ عوام ان کی حرکات کو غور سے دیکھ رہے ہیں۔
جنتادل یو قائد سے یہ بھی پوچھا گیا کہ آیا وہ جاریہ سال کے اواخر میں اسمبلی الیکشن کی مہم چلانے وزیراعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات جائیں گے۔ نتیش کمار نے کہا کہ وقت آنے پر آپ کو اس کا پتہ چل جائے گا۔ چیف منسٹر بہار نے اپنے نائب تیجسوی یادو کو زیڈ پلس سیکوریٹی دینے کے فیصلہ کی مدافعت کی۔
انہوں نے بی جے پی کی تنقید خارج کردی۔ نتیش کمار نے یہ بھی کہا کہ ان کی حکومت 10 لاکھ نوکریاں دینے کا وعدہ وفا کرے گی جو تیجسوی یادو نے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تیجسوی ڈپٹی چیف منسٹر ہے‘ ظاہر ہے سیکوریٹی ضروریات ہوتی ہیں‘ اسے یہ سیکوریٹی کور کیوں نہ ملے؟۔
بی جے پی اول فول کچھ بھی بکتی رہتی ہے۔ تیجسوی یادو کو زیڈ پلس سیکوریٹی فراہم کرنے کے فیصلہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سینئر بی جے پی قائد اور سابق ڈپٹی چیف منسٹر سشیل کمار مودی نے ٹویٹ کیا تھا کہ مجھے تو کبھی بلیٹ پروف کار نہیں ملی۔ زیڈ پلس سیکوریٹی بھی نہیں ملی۔
تھوڑی سی سیکوریٹی کے ساتھ میں پولو روڈ والے سرکاری بنگلہ سے عرصہ تک جنتا کی سیوا(عوام کی خدمت) کرتا رہا۔ زیڈ پلس سیکوریٹی میں ایک پائلٹ‘ ایک ایسکارٹ‘ کلوز پروٹیکشن ٹیم‘ ہاؤز گارڈ‘ اسپاٹرس‘ سرچ اینڈ فرسکنگ اسٹاف‘ سادہ لباس سیکوریٹی ملازمین اور مسلح کمانڈوز ہوتے ہیں۔تیجسوی یادو کو بلیٹ پروف کار بھی دی گئی ہے۔
یہ پوچھنے پر کہ آیا مالی امداد کے معاملہ میں مرکز ان سے تعاون نہیں کرے گا‘ جنتادل یو قائد نے کہا کہ مرکز اور ریاستوں میں آمدنی کے بٹوارہ کا ایک طریقہ کار ہوتا ہے۔
اس سوال پر کہ آیا کابینہ میں توسیع 16 اگست کو ہوکر رہے گی‘ 71 سالہ نتیش کمار نے کہا کہ اس سے پہلے ہوجائے تو کیا مضائقہ ہے۔ انہوں نے تاہم کہا کہ ہم جلد سے جلد توسیع چاہتے ہیں لیکن ہمیں 15 اگست تک انتظار کرنا ہوگا۔