حیدرآباد

حالیہ شدید بارش سے شہر کی سڑکوں پر 3 لاکھ گڑھوں کی نشاندہی

دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں جالیہ شدید بارش سے سڑکوں پر تقریباً 3 لاکھ گڑھے پڑ چکے ہیں۔ جس کے نتیجہ میں ٹرافک کو گزرنے میں سخت مشکلات پیش آرہی ہیں۔

حیدرآباد: دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں جالیہ شدید بارش سے سڑکوں پر تقریباً 3 لاکھ گڑھے پڑ چکے ہیں۔ جس کے نتیجہ میں ٹرافک کو گزرنے میں سخت مشکلات پیش آرہی ہیں۔ بالخصوص پرانا شہر میں کئی اندرونی سڑکیں انتہائی خراب ہوچکی ہیں۔

بہادر پورہ، پرانا پل، منگل ہاٹ، سیتارام باغ روڈ، آغا پورہ، جمعرات بازار، کاروان، سبزی منڈی، کشن باغ، راجندر نگر، حسن نگر، شاستری پورم، وٹے پلی، فلک نما، چندرائن گٹہ، لال دروازہ، فتح دروازہ، مغل پورہ، میر عالم منڈی، تالاب کٹہ، عیدی بازار، سنتوش نگر، یاقوت پورہ، چنچل گوڑہ، ملک پیٹ کے علاوہ نئے شہر میں ایل بی نگر، کوکٹ پلی، شیرلنگم پلی، لنگرہاؤز کی سڑکیں انتہائی ابتر ہوچکی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ بلدی عہدیداروں نے حالیہ بارش سے تباہ ہونے والی سڑکوں کی تفصیلات پر مشتمل ایک رپورٹ حکومت کو پیش کی ہے۔ جس میں بارش سے سڑکوں پر 3 لاکھ گڑھوں کی نشاندہی کی گئی ہے جس کی تعمیر و مرمت کے لئے 1500 کروڑ روپئے فنڈ کی ضرورت ہوگی۔

بلدی عہدیداروں نے سڑکوں پر ایسے مقامات کی بھی نشاندہی کی ہے جہاں ڈرنیج لائن، پانی کی سربراہی کی لائن، کیبل ورک اور دیگر ضروریات کے لئے کھدائی سے سڑکوں پر جگہ جگہ گڑھے پڑے ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں ایسے تقریباً 7 ہزار گڑھوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جس طرح شہر کی مین سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لئے سی آر ایم پی کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اندرونی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے بھی سی آر ایم پی کو ذمہ داری سونپنے کی ضرورت ہے۔