سالگرہ تقاریب کے نام پر راتوں میں شور و غل ناقابل برداشت
پولیس کے اعلیٰ عہدیداردوں کو ہدایت دی کہ وہ شہر میں رات دیرگئے سڑکوں پر گاڑیاں پارک کرتے ہوئے شوروغل کرنے والے افراد کے خلاف سختی کے ساتھ نمٹیں۔
حیدرآباد: ریاستی وزیر افزائش مویشیان ٹی سرینواس یادو نے شہر میں رات دیرگئے تک سالگرہ تقاریب کے اہتمام اور شوروغل کے بڑھتے واقعات پر برہمی کااظہار کیا اورکہاکہ چند افراد‘راتوں میں سالگرہ تقاریب میں شور وغل ڈی جے ساؤنڈ استعمال کرتے ہوئے عوام کی نیندیں حرام کررہے ہیں۔
انہوں نے پولیس کے اعلیٰ عہدیداردوں کو ہدایت دی کہ وہ شہر میں رات دیرگئے سڑکوں پر گاڑیاں پارک کرتے ہوئے شوروغل کرنے والے افراد کے خلاف سختی کے ساتھ نمٹیں۔
ٹی سرینواس یادو نے پیر کے روز امیرپیٹ بلدی ڈیویژن کا دورہ کرتے ہوئے مقامی عوام سے ملاقات کی اورانہیں درپیش مسائل سے واقفیت حاصل کی ہے۔عوام نے انہیں بتایا کہ بعض لوگ جن میں نوجوان بھی شامل ہیں‘ راتوں میں سڑکوں پر گاڑیاں پارک کرکے شوروغل کرتے ہیں اوررات دیگر گئے تک سالگرہ پارٹی کا اہتمام کرتے ہیں۔
اعتراض کرنے پر وہ ان کے ساتھ بدتمیزی سے پیش آتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سالگرہ پارٹیوں میں شراب کا کثرت سے استعمال کیا جاتا ہے جس کے سبب یہاں عوام کا سڑک سے گزرنا مشکل رہتاہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ تلنگانہ بالخصوص شہر حیدرآباد میں عوام کوخوف ذدہ کرنے کی اس حرکت کوقطعی برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ان کے خلاف پولیس کی کارروائی کی جائے گی۔ ضرورت پڑنے پر پولیس کا عملہ ان کی گاڑیوں کوکرینوں کے ذریعہ پولیس اسٹیشن منتقل کردے گا۔انہوں نے پولیس کورات دیگر گئے سالگرہ پارٹی اور شوروغل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔