انٹرٹینمنٹ

سری نگر کا واحد ملٹی پلیکس سنیما گھر ہاؤس فل

ہالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم 'اوپن ہائیمر' کی کشمیر میں مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ سری نگر کے واحد ملٹی پلیکس سنیما گھر میں اگلے چند روز کے لئے تمام ٹکٹیں بیچ دی گئیں ہیں۔

سری نگر: ہالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم ‘اوپن ہائیمر’ کی کشمیر میں مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ سری نگر کے واحد ملٹی پلیکس سنیما گھر میں اگلے چند روز کے لئے تمام ٹکٹیں بیچ دی گئیں ہیں۔

اس ہالی ووڈ بلاک بسٹر فلم کو شاہ رخ خان کی ‘پٹھان’ کے بعد کشمیر میں ریلیز ہونے والی سب سے بڑی فلم قرار دیا جا رہا ہے۔

وکاس دھر جو‘ان وکس’کے ساتھ کشمیر کا واحد سنیما چلا رہے ہیں،نے کہا کہ اوپن ہیمر اچھا بزنس کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پہلا موقع ہے کہ کشمیر میں ہالی ووڈ کی کوئی فلم ہاوس فل چل رہی ہے۔ان کے مطابق شاہ رخ خان کی فلم پٹھان نے ہمارے سنیما میں بہت اچھاکام کیا اور آج ہم حیران ہیں کہ ہالی ووڈ فلم اتنی بڑی تعداد میں کشمیر میں فلم دیکھنے والوں کو اپنی اور متوجہ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا، "فلم کی ریلیز سے قبل ہی یہاں پر سبھی ٹکٹیں بک ہو چکی تھی اور اتوار کے روز بھی ہاوس فل رہے گا”۔وکاس دھر نے کہاکہ کشمیر کے نوجوان ہالی ووڈ فلموں کو بھی ترجیح دے رہے ہیں اور یہ ہمارے لئے ایک نیا تجربہ ہے۔بتادیں کہ سری نگر کے شیو پورہ میں ملٹی پلیکس کو 33 برس بعد پچھلے سال دوبارہ کھولا گیا تھا۔

سال 1989 میں جب کشمیر میں ملی ٹینسی شروع ہوئی تو ایک غیر معروف جنگجو تنظیم "اللہ ٹائیگرز” نے وادی میں فلم کی نمائش پر پابندی عائد کر دی اور سری نگر میں نو سنیما گھروں سمیت تمام 13 سینما گھروں نے فلموں کی نمائش روک دی۔

سال 1999 میں، جموں و کشمیر حکومت نے تھیٹر مالکان کو سینما گھر دوبارہ کھولنے کے لیے پیکیج کی پیشکش کی۔ ان میں سے تین براڈوے، ریگل اور نیلم دوبارہ کھل گئے۔بعد ازاں گرنیڈ حملے کے بعد سری نگر میں تین بڑے سنیما گھروں کو بھی بند کیا گیا۔

موجودہ انتظامیہ جموں وکشمیر کے ہر ضلع میں سینما گھر قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور کشمیر کے کئی اضلاع میں پہلے ہی سنیما گھر کھولے جا چکے ہیں۔ گزشتہ ہفتہ ہی جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے شمالی کشمیر کے بارہ مولہ اور ہندواڑہ قصبوں میں سو نشستوں والے سنیما ہالوں کا افتتاح کیا۔