حیدرآباد

حج 2023: آن لائن درخواستوں کے کاؤنٹرس کا حج ہاؤز میں آغاز

تلنگانہ ریاست کے وزیر داحلہ محمد محمود علی نے حج ہاؤز نامپلی میں 2023 کے عازمین حج کے لئے آن لائن درخواستوں کے کاؤنٹرس کا بٹن دباکر افتتاح کیا۔

حیدرآباد: تلنگانہ ریاست کے وزیر داحلہ محمد محمود علی نے حج ہاؤز نامپلی میں 2023 کے عازمین حج کے لئے آن لائن درخواستوں کے کاؤنٹرس کا بٹن دباکر افتتاح کیا۔

اس موقع پر صدرنشین وحج کمیٹی محمد سلیم‘ صدرنشین وقف بورڈ محمد مسیح اللہ خان‘ صدرنشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن محمد امتیاز اسحاق‘ اے آئی ایم آئی ایم کے رکن اسمبلی جعفر حسین معراج‘ اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی بی شفیع اللہ‘ارکان حج کمیٹی سید نظام الدین (نارسنگی)‘ محمد جعفر خان‘ مولانا میر نادر علی رضوی دیگر موجود تھے۔

وزیر داخلہ محمد محمود علی‘ صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم‘ اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی بی شفیع اللہ نے اخباری نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ توقع ہے کہ اس سال 6 ہزار سے زیادہ تلنگانہ ریاست کے عازمین حج حیدرآباد سے جدہ کو روانہ ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ 70 سال کے عمر والے عازمین اپنے خاندان کے ایک فرد کے ساتھ حج کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 10 فروری سے عازمین حج آن لائن درخواستیں داخل کرسکتے ہیں جو 10 مارچ تک داخل کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ حج کو جانا چاہتے ہیں انہیں جلد سے جلد اپنے پاسپورٹس کی تجدید (Renewal) کروانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حج کمیٹی کی قرعہ اندازی میں نام آنے کے بعد صرف 2 صورتوں میں عازمین حج اپنا سفر منسوخ کرسکتے ہیں۔ پہلی ان کی موت ہونا یا دوسری ان کی بیماری کی وجہ شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق عازمین حج کو کوویڈ۔19 کے 2 ویکسین لینا نہایت ضروری ہے۔

حج کا سفر 30 تا 40 یوم پر مشتمل ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ خواتین جن کی عمر 45 سال سے زائد ہے وہ بغیر محرم کے حج کرسکتی ہیں لیکن ان کے لئے ضروری ہے کہ ان کے گروپ میں زیادہ سے زیادہ 4 خواتین شامل ہوں۔ صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم نے کہا کہ وہ جلد ہی سعودی عرب کا دورہ کریں گے اور قونصل جنرل متعینہ ہندوستان سے ملاقات کرکے عازمین حج کو سہولتیں فراہم کرنے سے متعلق نمائندگی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عازمین حج کے پاسپورٹ 10 مارچ 2023 سے قبل جاری کردہ ہو جس کی معیاد کم از کم 3 فروری 2024 تک ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کو پہلی قسط 81,500 اور دوسری قسط 1,70,000 روپے ادا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کو سعودی ریال لے جانے کی حد مقرر نہیں کی گئی ہے۔ وہ اپنی مرضی کے مطابق سعودی ریال لے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج کے لئے اس سال اوسطاً 3 لاکھ 50 ہزار تا 4 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔