لانگ مارچ کے دوران کنٹینر کی زد میں آکر خاتون رپورٹر جاں بحق
صدف نعیم نامی خاتون رپورٹر جو چینل 5 کے لیے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کا احاطہ کررہی تھی، ضلع گجرانوالہ میں سادھوکی علاقہ کے قریب ایک حادثہ کا شکار ہوگئیں۔
اسلام آباد: صدف نعیم نامی خاتون رپورٹر جو چینل 5 کے لیے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کا احاطہ کررہی تھی، ضلع گجرانوالہ میں سادھوکی علاقہ کے قریب ایک حادثہ کا شکار ہوگئیں۔
چینل 5 کے مطابق پی ٹی آئی کے صدرنشین عمران خان کے کنٹینر نے انہیں کچل دیا۔ چینل کے مطابق صدف نعیم کنٹینر سے نیچے گر پڑی تھیں، جس کے بعد وہ کچلی گئیں۔
علیحدہ اطلاع کے مطابق سادھوکی کے قریب نجی ٹی وی چینل کی خاتون رپورٹر لانگ مارچ کی کوریج کے لیے موجود تھیں کہ اس دوران وہ دھکا لگنے سے کنٹرینر کے نیچے گر گئیں اور ٹرک ان پر چڑھ گیا۔ حادثے میں ایک شہری بھی شدید زخمی ہے۔
صدف نعیم چہرے اور سر پر لگنے والی چوٹ کے باعث موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں جس کے بعد ان کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ واقعے کے بعد پی ٹی آئی قیادت نے کنٹینر کو اسی مقام پر روک دیا اور کارکنان کو پیغام دیا کہ وہ کنٹینر کے قریب نہ آئیں اور دھکم پیل سے گریز کریں۔
عمران خان نے واقعے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خاتون رپورٹر کی حادثاتی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدف نعیم کی ہلاکت پر شدید دکھ ہے، جتنا افسوس کیا جائے کم ہے۔