دہلی

ملک ”بے روزگاری کی وباء“ سے نمٹ رہا ہے: راہول گاندھی

راہول نے ٹویٹ کیا کہ ملک ”بے روزگاری کی وباء“ سے نمٹ رہا ہے۔ کروڑوں خاندانوں کے پاس مستحکم آمدنی کے کوئی ذرائع نہیں رہے لیکن حکومت ایک ”گھمنڈی راجہ“ کی تصویر چمکانے پر کئی بلین روپے خرچ کررہی ہے۔

نئی دہلی: کانگریس قائد راہول گاندھی نے منگل کے دن کہا کہ ملک ”بے روزگاری کی وباء“ سے نمٹ رہا ہے۔ کروڑوں خاندانوں کے پاس مستحکم آمدنی کے کوئی ذرائع نہیں رہے لیکن حکومت ایک ”گھمنڈی راجہ“ کی تصویر چمکانے پر کئی بلین روپے خرچ کررہی ہے۔

مہنگائی کے مسئلہ پر لوک سبھا میں بحث شروع ہونے کے ایک دن بعد ہندی میں فیس بک پوسٹ میں راہول گاندھی نے کہا کہ کانگریس نے پارلیمنٹ کے جاریہ مانسون اجلاس میں حکومت سے عوام کے سوالات کا جواب مانگنے کی کوشش کی لیکن ہر کسی نے دیکھا کہ کس طرح اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ کو معطل کیا گیا اور اجلاس ملتوی ہوتے رہے۔

کل جب بحث شروع ہوئی تو حکومت نے واضح طورپر کہہ دیا کہ مہنگائی جیسا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ ملک کے عوام کے نام طویل پوسٹ میں سابق صدر کانگریس نے کہا کہ اپنے آپ کو اکیلا نہ سمجھیں‘ کانگریس آپ کی آواز ہے اور آپ کانگریس کی طاقت ہیں۔ ہمیں آمر کے ہر حکم کے خلاف لڑنا ہوگا۔ ہمیں عوام کی آواز کچلنے کی ہر کوشش کو ناکام بنانا ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ میں اور میری کانگریس پارٹی جنتا کی لڑائی لڑرہے ہیں اور اسے جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو پتہ ہے کہ ملک میں آج کن مسائل پر بحث کی ضرورت ہے کیونکہ حکومت کی ہر غلط پالیسی جنتا کی زندگیوں کو متاثر کررہی ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ گبر سنگھ ٹیکس‘ عام آدمی کی آمدنی پر راست حملہ ہے۔

 آج کی حقیقت یہ ہے کہ عام آدمی نہ صرف اپنے خوابوں کے لئے بلکہ اپنی روزی روٹی کے لئے جدوجہد کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت چاہتی ہے کہ ڈکٹیٹر کی ہر بات مان لی جائے‘ کوئی سوال نہ کیا جائے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ آمر اور اس کی آمریت سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

 برسراقتدار لوگ آپ کی یعنی عوام کی طاقت اور اتحاد سے خوفزدہ ہیں اسی لئے وہ آپ پر مسلسل حملے کئے جارہے ہیں۔ اگر آپ نے متحدہ مقابلہ کیا تو یہ لوگ ڈر کر پیچھے ہٹ جائیں گے۔