دہلی

مہنگائی کیخلاف اپوزیشن کا پارلیمنٹ ہاؤس کامپلکس میں احتجاج

لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی شروع ہونے سے قبل کانگریس اور کئی دیگر اپوزیشن جماعتوں کے لیڈر مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے سامنے جمع ہوئے اور مہنگائی کیخلاف نعرے لکھے ہوئے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا کر حکومت مخالف نعرے لگا ئے۔

نئی دہلی: کانگریس اور کئی دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ نے جمعہ کو بھی پارلیمنٹ ہاؤس احاطے میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے مظاہرہ کیا اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں مہنگائی پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا۔

 لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی شروع ہونے سے قبل کانگریس اور کئی دیگر اپوزیشن جماعتوں کے لیڈر بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے سامنے جمع ہوئے اور مہنگائی کے خلاف نعرے لکھے ہوئے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا کر حکومت مخالف نعرے لگاتے ہوئے مظاہرہ کرنے لگے۔

احتجاج کرنے والے ممبران پارلیمنٹ نے وزیر اعظم نریندر مودی سے کہا ہے کہ اگر حکومت پارلیمنٹ کو چلانا چاہتی ہے تو مسٹر مودی خود ایوان میں آئیں اور دونوں ایوانوں میں جی ایس ٹی اور مہنگائی پر بحث کریں۔

اہم بات یہ ہے کہ کانگریس کے ساتھ ساتھ دیگر پارٹیاں مانسون سیشن کے آغاز سے ہی مہنگائی کے خلاف مسلسل مظاہرہ کرکے حکومت سے اس پر ایوان میں بحث کرانے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے ضروری اشیاء پر پانچ فیصد گڈز اینڈ سروسز ٹیکس ( جی ایس ٹی) بڑھا کر غریبوں کے پیٹ پر حملہ کیا ہے۔