اسدالدین اویسی کو خوش کرنے نئے سکریٹریٹ کی تعمیر: بنڈی سنجے
بنڈی سنجے نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت نے مرکزی حکومت پر عدم تعاون، فنڈس کی عدم اجرائی کے الزامات لگانے کو اپنی عادت بنالی ہے۔ جبکہ حقیقتاً مرکزی حکومت کی جانب سے ریاست تلنگانہ کے ساتھ ہر شعبہ میں فراخدلانہ تعاون کیا جارہا ہے۔
حیدرآباد: صدر بی جے پی تلنگانہ بنڈی سنجے کمار نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تاج محل کے طرز پر نیا سکریٹریٹ محض اسد الدین اویسی کی آنکھوں میں خوشی دیکھنے کیلئے تعمیر کیا۔
آج صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے ریاستی حکومت پر عوام کو درپیش مسائل سے بے بہرہ ہوجانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں بے شم ار مسائل ہیں، عوام کو مصائب الام سے گذرنا پڑرہا ہے اور چیف منسٹر، مندر، مسجد اور سکریٹریٹ کی قدیم عمارت کو منہدم کراتے ہوئے نئے سکریٹریٹ کی تعمیر کے نام پر کروڑ ہا روپے خرچ کردئیے۔
انہوں نے حکومت کو چالنج کیا کہ اگر ان میں دم خم ہے تو وہ پرانے شہر میں سڑکوں کے قریب واقع مندروں اور مسجدوں کو گرا کر دکھائیں۔ بنڈی سنجے نے کہاکہ کے سی آر خاندان نے ریاست اور عوام کے9سال ضائع کردئیے، حکومت کی ناکامیوں کو بی جے پی عوام کے درمیان لے جائے گی۔
کارنر میٹنگ منعقد کرتے ہوئے عوام کو حکومت کی ناکامیوں اور کے سی آر خاندان کی مکاریوں سے واقف کرایا جائے گا۔ ریاستی بجٹ کو عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے سنجے نے کہا کہ جو حکومت، اپنے ملازمین کو بروقت تنخواہ جاری کرنے سے قاصر ہے پھر حکومت، سے کس طرح تین لاکھ کروڑ روپے خرچ کرنے کی اُمید لگائی جاسکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت نے مرکزی حکومت پر عدم تعاون، فنڈس کی عدم اجرائی کے الزامات لگانے کو اپنی عادت بنالی ہے۔ جبکہ حقیقتاً مرکزی حکومت کی جانب سے ریاست تلنگانہ کے ساتھ ہر شعبہ میں فراخدلانہ تعاون کیا جارہا ہے۔