پاکستان نے بلاول پر ہندوستان کی تنقید مسترد کردی
پاکستان نے وزیراعظم نریندرمودی کے خلاف اپنے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی ”غیرمہذب برہمی“ پر ہندوستان کی تنقید کو ہفتہ کے دن مسترد کردیا۔
اسلام آباد: پاکستان نے وزیراعظم نریندرمودی کے خلاف اپنے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی ”غیرمہذب برہمی“ پر ہندوستان کی تنقید کو ہفتہ کے دن مسترد کردیا اور الزام عائد کیا کہ اس سے ہندوستان کی ”بڑھتی بوکھلاہٹ“ ظاہر ہوتی ہے۔
پاکستانی وزیر نے ہندوستانی وزیر خارجہ ایس جئے شنکر کی طرف سے پڑوسی ملک کو ”دہشت گردی کا مبدا“ قراردینے کے بعد وزیراعظم نریندر مودی پر شخصی حملہ کیا تھا۔ انہوں نے آر ایس ایس پر بھی تنقید کی تھی۔
جمعہ کے دن وزارت ِ خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے نئی دہلی میں کہا کہ بلاول کی ”غیرمہذب برہمی“ دہشت گردوں اور ان کے درپردہ کارندوں کو استعمال کرنے سے پاکستان کے قاصر ہونے کانتیجہ لگتی ہے۔
سخت بیان میں باگچی نے کہا کہ بہتر ہوتا کہ بلاول کی ”بوکھلاہٹ“ کا رُخ پاکستان میں دہشت گرد انٹرپرائزس کے منصوبہ سازوں کے خلاف ہوتاجنہوں نے دہشت گردی کو پاکستان کی سرکاری پالیسی کا حصہ بنارکھا ہے۔
پاکستان وہ ملک ہے جو اسامہ بن لادن کو شہید کا درجہ دیتا ہے۔ وہ ذکی الرحمن لکھوی‘ حافظ سعید‘ مسعود اظہر‘ ساجد میر اور داؤد ابراہیم جیسے دہشت گردوں کو پناہ دیتا ہے۔
وزارت ِ خارجہ کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی وزیر کے ریمارکس پستی کی نچلی سطح کے ہیں۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے الزام عائد کیا کہ ہندوستان بھر کی ریاستوں میں مذہبی اقلیتوں کو دھمکانے اور انہیں بدنام کرنے کو سرکاری سرپرستی حاصل ہے۔ مسئلہ کشمیر اور پاکستان سے سرحد پار دہشت گردی کے باعث ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات کشیدہ ہیں۔