ایشیاء

پاکستان ہائی کمیشن نے بنگلہ دیشی پرچم کی مسخ تصویرہٹادی

پاکستانی ہائی کمیشن نے اپنے سرکاری فیس بک پیج پر حال میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے قومی پرچموں کا کولاج اپ لوڈ کیاتھا۔ اس کولاج تصویر میں بنگلہ دیش کے سرخ وسبز پرچم میں چاند کا اضافہ دکھایاگیاتھا۔

ڈھاکہ: پاکستان ہائی کمیشن ڈھاکہ نے اتوار کے دن اپنے فیس بک پیج سے متنازعہ کور فوٹوہٹادی۔ اس فوٹو کے تعلق سے الزام تھا کہ اس میں بنگلہ دیش کے قومی پرچم کی مسخ شدہ امیج استعمال کی گئی۔ پاکستانی سفارتخانہ نے ڈھاکہ کے سخت اعتراض پر کورفوٹو ہٹادی۔

 پاکستانی ہائی کمیشن نے اپنے سرکاری فیس بک پیج پر حال میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے قومی پرچموں کا کولاج اپ لوڈ کیاتھا۔ اس کولاج تصویر میں بنگلہ دیش کے سرخ وسبز پرچم میں چاند کا اضافہ دکھایاگیاتھا۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں بنگلہ دیشی وزیرخارجہ ڈاکٹر کے کے عبدالمومن نے کہا کہ اس تصویر پر اعتراض ہوا اور پاکستان ہائی کمیشن سے اسے ہٹانے کو کہاگیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اس میں کوئی بدنیتی دکھائی نہیں دیتی۔ بنگلہ دیش کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے پی ٹی آئی سے کہا کہ پاکستانی سفارتخانہ نے اتوار کی دوپہر یہ تصویر ہٹادی‘ جیسا کہ ہم نے مطالبہ کیاتھا۔ بنگلہ دیش کوآزادکرانے کی لڑائی لڑنے والے کئی گروپس نے بھی تصویر کے خلاف احتجاج کیاتھا۔

مشرقی پاکستان کہلانے والا بنگلہ دیش 1971ء میں 9ماہ طویل جنگ آزادی کے بعد آزاد ہوا تھا۔ اس کی آزادی میں ہندوستان نے مدد کی تھی۔ 2010ء میں جب ڈھاکہ نے ان بنگلہ دیشیوں کے خلاف کاروائی شروع کی جنہوں نے پاکستانی فوج کا ساتھ دیاتھا تو بنگلہ دیش اور پاکستان کے تعلق بگڑگئے۔ بنگلہ دیش نے جماعت اسلامی کے کئی سرکردہ رہنماؤں کو پھانسی پرلٹکادیا۔ جماعت نے بنگلہ دیش کی آزادی کی مخالفت کی تھی۔