کھیل

کامن ویلتھ گیمز۔پی وی سندھو اور لکشیاسین کا تاریخی مظاہرہ

ہندوستانی خواتین شٹلر پی وی سندھو نے کامن ویلتھ گیمز 2022 خواتین کے سنگلز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں دنیا کی 13 نمبر کی کھلاڑی کینیڈا کی مشیل لی کو شکست دیکر گولڈ میڈل جیتا۔

برمنگھم: ہندوستانی خواتین شٹلر پی وی سندھو نے کامن ویلتھ گیمز 2022 خواتین کے سنگلز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں دنیا کی 13 نمبر کی کھلاڑی کینیڈا کی مشیل لی کو شکست دیکر گولڈ میڈل جیتا۔

کامن ویلتھ گیمز میں پی وی سندھو کا یہ پانچواں تمغہ تھا جبکہ انہوں نے پہلی بار کامن ویلتھ گیمز میں خواتین کے سنگلز مقابلے میں طلائی تمغہ جیتنے کا کارنامہ انجام دیا۔

فائنل میچ کے پہلے گیم میں پی وی سندھو کو مشیل لی سے سخت مقابلہ ملا، لیکن بعد میں وہ سست ہوگئیں اور اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پی وی سندھو نے پہلا گیم 21-15 سے اپنے نام کرلیا۔ دوسرے گیم میں مشیل لی دباؤ میں نظر آئیں۔

اگرچہ کچھ مواقع پر وہ کافی بہتر کھیلتی نظر آئیں اور پوائنٹس بھی حاصل کیں، لیکن آخر میں پی وی سندھو نے 21-13 سے جیت حاصل کی۔ میچ میں کچھ بہت پرکشش ریلیاں دیکھنے کو ملی جو شاندار تھیں۔

لگاتار دو گیمز جیتنے کے بعد پی وی سندھو نے حریف کو 2-0 سے شکست دیکر طلائی تمغہ جیتا۔ پی وی سندھو نے سنگلز مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے سے پہلے اس سیزن میں دولت مشترکہ کھیلوں کے چار تمغے جیتے ہیں۔ اس سال کے شروع میں یعنی 2022 میں اس نے مکسڈ ایونٹ میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔

انہوں نے 2018 میں گولڈ کوسٹ میں مکسڈ ایونٹ میں ملک کیلئے گولڈ میڈل جیتا تھا جبکہ اسی سال انہوں نے سنگلز مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ اس سے قبل گلاسگو میں 2014 کامن ویلتھ گیمز میں سنگلز میچ میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔

پی وی سندھو کے کیریر کی دیگر کامیابیوں میں وہ 2016 کے اولمپکس میں چاندی کا تمغہ اور 2020 کے ٹوکیو اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہی۔ اس کے ساتھ ہی وہ عالمی چمپئن شپ میں اب تک پانچ تمغے جیت چکے ہیں جن میں سال 2019 میں گولڈ میڈل، 2017 اور 2018 میں سلور میڈل اور 2013 اور 2014 میں کانسی کا تمغہ جیتا ہے۔

انہوں نے یہ تمام تمغے خواتین کے سنگلز مقابلوں میں حاصل کیے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ 2014 اور 2022 میں ایشین چمپئن شپ میں کانسی کے تمغے جیت چکی ہیں۔ ایشین گیمز کی بات کریں تو انہوں نے 2014 میں برانز اور 2018 میں سلو رمیڈل جیتا تھا۔

اسی دوران ہندوستان کے لکشیا سین نے مردوں کے سنگلز بیاڈمنٹن میں گولڈ میڈل جیت لیاہے۔ فائنل میں انہوں نے ملائیشیا کے اینگ جے یونگ کو 19-21، 21-9، 21-16 سے شکست دی۔ اس گولڈ میڈل کے ساتھ لکشیا کامن ویلتھ گیمز میں مردوں کے سنگلز میں تمغہ جیتنے والے ہندوستان کے 10ویں کھلاڑی اور گولڈ میڈل جیتنے والے چوتھے کھلاڑی بن گئے۔