کھیل

آئی پی ایل 2023 کیلئے کل منی نیلامی

کوچی میں دوپہر 2.30 بجے شروع ہونے والی نیلامی میں تمام 10 ٹیمیں اپنی ضرورت کے مطابق بولی لگائیں گی۔ ٹیموں کی نیلامی کی حکمت عملی جمعہ کو ہی سامنے آئے گی۔

کوچی: انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے 16ویں سیزن سے قبل 23 دسمبر 2022 کو منی نیلامی ہوگی۔

کوچی میں دوپہر 2.30 بجے شروع ہونے والی نیلامی میں تمام 10 ٹیمیں اپنی ضرورت کے مطابق بولی لگائیں گی۔ ٹیموں کی نیلامی کی حکمت عملی جمعہ کو ہی سامنے آئے گی۔

2023 کے آئی پی ایل سیزن میں جملہ 10 ٹیمیں ہوں گی۔ ایک ٹیم کے اسکواڈ میں 18 سے 25 کھلاڑی ہوسکتے ہیں جس میں 8 غیر ملکی کھلاڑی ہوسکتے ہیں۔ ٹیمیں اسکواڈ کیلئے 25 کھلاڑیوں کو خریدنے کیلئے 95 کروڑ روپے تک خرچ کرسکتی ہیں۔ لیکن میچ کے دوران ایک ٹیم میں صرف 11 کھلاڑی کھیلتے ہیں جس میں زیادہ سے زیادہ 4 غیرملکی ہوسکتے ہیں۔

شریاس ایئر کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کپتان ہیں۔ گزشتہ سال ٹیم 14 میں سے 6 میچ جیت کر 12 پوائنٹس کے ساتھ 7 ویں نمبر پر تھی۔ خراب کارکردگی کے بعد ٹیم میں تبدیلی کی ضرورت ہے لیکن ان کے پرس میں صرف 7.05 کروڑ روپے رہ گئے ہیں۔ نیلامی سے قبل ٹیم نے شاردول ٹھاکر، لوکی فرگوسن اور رحمن اللہ گرباز کو ٹریڈ کرکے ٹیم میں شامل کیا۔

ٹیم میں 14 کھلاڑی شامل ہیں۔ لیکن انہیں اسکواڈ میں 8 ہندوستانی اور 3 غیر ملکی کھلاڑیوں کی ضرورت ہے۔ رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیم بھی بہت کم پرس کے ساتھ منی نیلامی میں جائے گی۔ انہوں نے 18 کھلاڑیوں پر 86.25 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔

ان کے پاس اسکواڈ میں 2 غیرملکی اور 5 ہندوستانی کھلاڑیوں کو خریدنے کیلئے 8.75 کروڑ روپے باقی ہیں۔ گزشتہ آئی پی ایل میں ٹیم 8 جیت اور 6 ہار کے ساتھ 16 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں چوتھے نمبر پر تھی۔ انہوں نے پلے آف کا پہلا میچ جیتا، لیکن کوالیفائر 2 ہار کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ راجستھان رائلز پچھلے سیزن کی رنر اپ ٹیم ہے۔

سنجو سیمسن کی کپتانی میں ٹیم 9 جیت اور 5 ہار کے ساتھ 18 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پر ہے۔ اس کے باوجود انہوں نے نیلامی سے قبل 9 کھلاڑیوں کو رہا کردیا۔ اب ان کے پاس 13.22 کروڑ روپے رہ گئے ہیں۔ اس رقم سے انہیں 4 غیرملکی اور 5 ہندوستانی کھلاڑی خریدنے ہیں۔ ہاردک پانڈیا کی کپتانی میں پہلی بار آئی پی ایل کھیلنے والی گجرات ٹائٹنز نے پچھلی بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔

ٹیم 10 جیت اور 4 ہار کے ساتھ 20 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں بھی پہلے نمبر پر تھی۔ ٹیم نے منی آکشن سے قبل 6 کھلاڑیوں کو رہا کردیا۔ اس کے ساتھ اب ان کے پاس 19.25 کروڑ روپے کا پرس بچا ہے۔ رشبھ پنت کی کپتانی میں دہلی کیپٹلس کی ٹیم 2020 اور 2021 کے سیزن میں پلے آف میں پہنچی تھی۔

لیکن پچھلے سیزن میں وہ 7 جیت اور 7 ہار کے ساتھ 14 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے۔ نیلامی میں انہوں نے 5کھلاڑیوں کو ریلیز کیا اور ان کی تجارت کرکے امان خان کو شامل کیا۔ ان کے پاس 2 غیرملکی اور 3 ہندوستانی کھلاڑیوں کو خریدنے کیلئے 19.45 کروڑ روپے باقی ہیں۔

ٹیم نے کبھی بھی آئی پی ایل نہیں جیتاہے۔ ایسے میں انہیں میچ ونر کی ضرورت ہے۔ اس نیلامی میں انگلینڈ کے بن اسٹوکس‘ سیم کرین اور عادل رشید کو بڑی رقم ملنے کا امکان ہے جبکہ انگلینڈ کے نوجوان لیگ اسپنر ریحان احمد پر بھی ٹیموں کی نظریں رہیں گی۔

آسٹریلیا کے آل راونڈر کیمرون گرین بھی پہلی مرتبہ آئی پی ایل کا حصہ بن سکتے ہیں۔ گرین کو بھی بڑی رقم ملنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ کرناٹک سے تعلق رکھنے والے سلامی بلے باز مینک اگروال کو بھی حاصل کرنے ٹیموں میں مقابلہ ہوسکتاہے۔ واصح رہے کہ جملہ 87 خالی سلاٹس کیلئے 400 سے زائد کھلاڑی نیلامی میں شامل ہیں۔