شمالی بھارت

یوپی میں سڑکوں پر نماز عید کی ادائیگی، سینکڑوں افراد کے خلاف ایف آئی آر

پولیس نے 21 اپریل کو نماز جمعتہ الوداع اور 22 اپریل کو نماز ِ عیدالفطر سڑکوں پر ادا کرنے پر کانپور اور علی گڑھ کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں سینکڑوں نامعلوم افراد کے خلاف 5 ایف آئی آر درج کرلی ہیں۔

کانپور/ علی گڑھ: پولیس نے 21 اپریل کو نماز جمعتہ الوداع اور 22 اپریل کو نماز ِ عیدالفطر سڑکوں پر ادا کرنے پر کانپور اور علی گڑھ کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں سینکڑوں نامعلوم افراد کے خلاف 5 ایف آئی آر درج کرلی ہیں۔

پولیس نے بڑی عیدگاہ‘ بیناج ہابر‘ ججماؤ اور بابوپوروا میں عیدالفطر کے موقع پر سڑک پر نماز ادا کرنے پر زائداز 1700 افراد کے خلاف 3 ایف آئی آر درج کی ہیں جبکہ بیناج ہابر میں 1500 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔ ججماؤ میں 200 تا300 اور بابوپوروا میں 30 تا 40 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔

ملزمین میں عیدگاہ انتظامیکمیٹی کے ارکان بھی شامل ہیں۔ سب انسپکٹر برجیش کمار جنہوں نے کانپور کے بابوپوروا میں ایف آئی آر درج کرائی ہے‘ کہا کہ پیس کمیٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ نماز صرف عیدگاہ کے اندر ادا کی جائے گی اورجو لوگ تنگی کی وجہ سے نماز نہ پڑھ سکیں ان کے لئے دوسری جماعت بنائی جائے گی اور پولیس انتظامات کرے گی۔

اسی طرح بجریہ پولیس میں درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق امتناعی احکام کے باوجود سینکڑوں افراد نے سڑکوں پر جانماز بچھائی اور عید کی نماز ادا کی۔ پولیس نے انہیں ایسا کرنے سے روکنے کی کوشش کی لیکن انہوں نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی۔ تعزیرات ِ ہند کی دفعہ 186‘ 188‘ 283‘ 341 اور 353کے تحت ایف آئی آرس درج کی گئی ہیں۔کانپور کے ڈپٹی کمشنر پولیس (سنٹرل) پرمود کمار نے بتایا کہ پولیس سی سی ٹی وی اور ڈرون فوٹیج کا جائزہ لے رہی ہے۔

علی گڑھ میں سڑکوں پر نماز ادا کرنے پر 2 مختلف پولیس اسٹیشنوں میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ علی گڑھ کے کوتوالی نگر اور دہلی گیٹ پولیس اسٹیشنوں میں اس معاملہ سے متعلق درج کردہ کیسس کی تحقیقات جاری ہیں۔

یہ کیسس ضابطہ ئ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت جاری کئے گئے امتناعی احکام کی خلاف ورزی پر درج کئے گئے ہیں۔ جن لوگوں نے سڑکوں پر نماز ادا کرنے پر اصرار کیا تھا‘ حوصلہ شکنی کی پولیس کی کوششوں کے خلاف مزاحمت کی تھی۔

علی گڑھ شہر میں 21 اور 22 اپریل کو لوگوں نے کھاتی کن چوراہا‘ سبزی منڈی چوراہا اور مرگھٹ والی سڑک پر چرخ والاں چوراہا پر نماز ادا کی۔ اس ضمن میں کوتوالی نگر اور دہلی گیٹ پولیس اسٹیشنوں میں کیسس درج کئے گئے ہیں۔ ضلع انتظامیہ اور علی گڑھ پولیس نے وسیع تر انتظامات کئے تھے۔