دہلی

آکسفام انڈیا کے خلاف کیس درج

سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے ہندوستان کے بیرونی فنڈنگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر آکسفام انڈیا اور اس کے عہدیداروں کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔

نئی دہلی: سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے ہندوستان کے بیرونی فنڈنگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر آکسفام انڈیا اور اس کے عہدیداروں کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے ایجنسی میں درج کرائی گئی شکایت کے مطابق آکسفام انڈیا کو 2013 اور 2016 کے درمیان مقررہ بنک کھاتے کے بجائے اس کے Foreign Contribution Utilisation account میں راست طور پر 1.5 کروڑ روپے موصول ہوئے۔

شکایت میں یہ بھی الزام لگایا گیا کہ آکسفام انڈیا نے ایف سی آر اے 2010 قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مالیاتی سال 2019-20 کے دوران سنٹر فار پالیسی ریسرچ (سی پی آر) کو 12.71 لاکھ روپے فراہم کئے تھے۔

سی بی آئی نے کہا کہ اس نے وزارت داخلہ کی شکایت پر کارروائی کی ہے جس نے گزشتہ سال جنوری میں آکسفام انڈیا کے ایف سی آر اے لائسنس کو منسوخ کردیا تھا۔

سی بی ڈی ٹی کے ذریعہ آئی ٹی (انکم ٹیکس) سروے کے دوران پائے گئے ای میل مواصلات سے پتہ چلتا ہے کہ آکسفام انڈیا غیرملکی حکومتوں اور غیرملکی اداروں کے ذریعہ ایف سی آر اے کی تجدید کے لئے حکومت ہند پر دباؤ ڈالنے کا منصوبہ بنارہا ہے۔

اُس نے الزام لگایا کہ آکسفام انڈیا کے پاس کثیرالجہتی غیرملکی تنظیموں سے حکومت ہند کے ساتھ اپنی طرف سے مداخلت کرنے کی درخواست کرنے کی رسائی اور اثرو رسوخ ہے۔ شکایت میں یہ بھی بتایا گیا کہ آکسفام انڈیا دیگر اسوسی ایشنس یا غیر منافع بخش کنسلٹنسی فرمس کو فنڈس منتقل کرکے ایف سی آراے کو نظرانداز کرنے کا منصوبہ بنارہا ہے۔