کھیل

آندھراپردیش اینڈ تلنگانہ ریجنل ٹورنامنٹس میں ایچ پی ایس کی شاندار کامیابی

انڈر 14 بوائز فٹ بال ٹورنامنٹ، نصر بوائز اسکول گچی باؤلی میں منعقد ہوا جس کے فائنل میچ میں حیدرآباد پبلک اسکول نے عفان اور ایشان کے دو شاندار گولس کی مدد سے فیوچر کڈس اسکول کو دو۔ایک کے اسکور سے ہرادیا۔

حیدرآباد: حیدرآباد پبلک اسکول (بیگم پیٹ)، سی آئی ایس سی ای آندھراپردیش اینڈ تلنگانہ ریجنل اسپورٹس اینڈ گیمز ٹورنامنٹ میں چیمپئن بن کر سامنے آیا ہے۔

انڈر 14 بوائز فٹ بال ٹورنامنٹ، نصر بوائز اسکول گچی باؤلی میں منعقد ہوا جس کے فائنل میچ میں حیدرآباد پبلک اسکول نے عفان اور ایشان کے دو شاندار گولس کی مدد سے فیوچر کڈس اسکول کو دو۔ایک کے اسکور سے ہرادیا۔

قبل ازیں سیمی فائنل میں حیدرآباد پبلک اسکول نے سجاتا اسکول کو چار۔ایک کے زبردست فرق کے ساتھ اسے شکست سے دوچار کرکے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔ اس میچ میں عفان، عذیر، ایشان اور ابھی رام نے فی کس ایک ایک گول بنایا۔

اسی طرح کوارٹر فائنل میچ میں بھی حیدرآباد پبلک اسکول نے انٹرنیشنل اسکول کے خلاف شاندار کامیابی حاصل کی تھی۔ اس میچ میں ایچ پی ایس نے پانچ گول اسکور کئے جبکہ انٹرنیشنل اسکول کو ایک بھی گول کرنے کا موقع نہیں دیا۔ اس طرح ایچ پی ایس نے یہ میچ پانچ۔ایک کے شاندار اسکور کے ساتھ اپنے نام کرلیا۔

اس میچ میں ٹیم کے دونوں اسٹار کھلاڑیوں عفان اور عذیر نے دو دو گول اسکور کئے جبکہ ایشان نے ایک گول بنایا۔

اسی طرح انڈر 19 فٹ بال کے فائنل میں ایچ پی ایس کے رشی اسٹار بن کر سامنے آئے۔ لویولا اسکول کے خلاف کھیلے گئے فائنل میچ میں رشی نے گولس کی ہیٹ ٹرک کرڈالی اور اپنے اسکول کو چیمپئن بنادیا۔

قبل ازیں اسی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میچ میں ایچ پی ایس نے اپنے دو کھلاڑیوں وہاج اور سری تیج کے فی کس ایک گول کی مدد سے فیوچر کڈس اسکول کو دو۔صفر کے اسکور سے شکست فاش دے دی۔

اس سے پہلے ایک کوارٹر فائنل میچ میں ایچ پی ایس نے نصر اسکول کے خلاف چار۔ایک کے اسکور سے کامیابی حاصل کی۔ اس میچ میں ایشان نے دو گول بنائے جبکہ سری تیج اور مصطفیٰ نے فی کس ایک گول بناتے ہوئے اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔

بیڈ منٹن سنگلز کے فاتح چرن:

انڈر 14 بیڈ منٹن چمپئن شپ کے فائنل میں ایچ پی ایس۔بی کے چرن وڈوگلا نے فیوچر کڈس اسکول (راجمندری) کے جی وی چیتنیہ کو 29-30 کے اسکور پر گولڈن پوائنٹ حاصل کرتے ہوئے شکست فاش دے دی اور ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

چرن نے اپنے سیمی فائنل میچ میں تمپنی ویزاگ کے دھروو لال کو 17-30 کے شاندار اسکور سے ہرادیا تھا۔ اسی طرح انہوں نے کوارٹر فائنل میچ میں تمپنی ویزاگ کے ہی ایس نہال کو 3-15 اور 4-15 کے اسکور سے شکست دی تھی۔

انڈر 14 سنگلز کے ایک سیمی فائنل میں حیدرآباد پبلک اسکول کے ہی ششانک یادو کو جی وی چیتینہ کے ہاتھوں 30-16 کے اسکور پر شکست اٹھانی پڑی۔ انہیں تیسرا مقام حاصل ہوا۔

ایچ پی ایس نے انڈر 14 ٹیم چمپئن شپ میں بھی فیوچر کڈس اسکول کے خلاف 1-2 سے کامیابی حاصل کی۔