اپوزیشن کے مزید تین ارکان راجیہ سبھا سے معطل
ایوان کی کاروائی کے آغازکے بعد پہلے التوا کے کچھ ہی دیر بعد اپوزیشن ارکان نے ایوان کے وسط میں پہنچ کر اپنااحتجاج جاری رکھا۔ راجیہ سبھا کے نائب صدرنشین ہری ونش نے پلے کارڈس اٹھائے اور ایوان کے وسط میں نعرہ بازی کرنے پر تین ارکان کا نام لیا۔
نئی دہلی: ایوان میں سرکشی کے رویہ کی پاداش میں مزید تین ارکان بشمول عام آدمی پارٹی کے سشیل کمارگپتا‘ اور سندیپ کمار پاٹھک کے علاوہ آزادرکن پارلیمنٹ اجیت کمار بھویان کو ہفتہ کے باقی دنوں کیلئے معطل کرنے کی ایک قرارداد آج راجیہ سبھامیں منظور کی گئی۔ آج صبح ایوان کی کاروائی کے آغازکے بعد پہلے التوا کے کچھ ہی دیر بعد اپوزیشن ارکان نے ایوان کے وسط میں پہنچ کر اپنااحتجاج جاری رکھا۔
راجیہ سبھا کے نائب صدرنشین ہری ونش نے پلے کارڈس اٹھائے اور ایوان کے وسط میں نعرہ بازی کرنے پر تین ارکان کا نام لیا اس کے کچھ ہی دیر بعد مرکزی مملکتی وزیرپارلیمانی امور وی مرلیدھرن نے ہفتہ کے باقی دنوں کیلئے تینوں ارکان کو ایوان سے معطل کرنے کی تحریک پیش کی۔ اس تحریک کو ندائی ووٹ سے منظوری دی گئی۔
بعض اپوزیشن ارکان نے ووٹوں کی تقسیم کا مطالبہ کیا۔ ہری ونش نے ارکان سے کہا کہ وہ اپنی نشستوں پر واپس جائیں تاکہ ووٹوں کی تقسیم ہوسکے‘تاہم اپوزیشن ارکان نے ہنگامہ آرائی جاری رکھی۔
بعدازاں انہوں نے ایوان کی کاروائی 2بجے دن تک ملتوی کردی۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ اب تک اپوزیشن کے 23ارکان کوراجیہ سبھا سے معطل کردیاگیا ہے۔