دہلی

Waqf scam: شیوسینا یو بی ٹی اور کانگریس کے خلاف جلد کارروائی ہوگی: سنجے نیروپم

شیوسینا قائد سنجے نیروپم نے اتوار کے دن کانگریس اور شیوسینا یوبی ٹی دونوں جماعتوں کو مبینہ مالی اور پراپرٹی بے قاعدگیوں کیلئے نشانہ تنقید بنایا۔

Waqf scam: نئی دہلی (آئی اے این ایس) شیوسینا قائد سنجے نیروپم نے اتوار کے دن کانگریس اور شیوسینا یوبی ٹی دونوں جماعتوں کو مبینہ مالی اور پراپرٹی بے قاعدگیوں کیلئے نشانہ تنقید بنایا۔

اُنہوں نے خبردار کیا کہ قانون عنقریب ان دونوں کو اپنی گرفت میں لینے والا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فام ایکس پر مسیج میں نیروپم نے خبردار کیا کہ ادھو ٹھاکرے کی پارٹی کو مبینہ غیر قانونی جائیدادوں کی تحقیقات کاسامنا کرنا پڑے گا۔ اُنہوں نے یہ اعلان کرتے ہوئے اپنی پوسٹ کا آغاز کیا ہے۔

وقف بورڈ میں کانگریس پارٹی کی مبینہ بے قاعدگیوں کی تحقیقات فیصلہ کن مرحلہ میں داخل ہوگئی ہیں۔ سابق رکن راجیہ سبھا نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ نیشنل ہیرالڈ کی 700 کروڑ کی جائیداد جو کانگریس نے ہتھیائی تھی وہ تحقیقاتی ایجنسی کے ہاتھوں ضبط ہونے والی ہے۔

سنجے نیروپم نے ہندی میں لکھا کہ عنقریب ’ٹھاکرے وقف بورڈ‘ کی غیر قانونی جائیدادوں پر وار ہونے والا ہے۔ گزشتہ ماہ سنجے نیروپم نے خوشامد اور ممبئی میں ’ہاوزنگ جہاز‘ کا مسئلہ اُٹھایا تھا۔ اُنہوں نے سلم ری ڈیولپمنٹ کرنے والے مسلم ٹھیکہ داروں پر الزام عائد کیا تھا کہ اپنے فرقہ کے لوگوں کو مکانات الاٹ کررہے ہیں تاکہ شہر میں مسلمانوں کی آبادی بڑھے۔

شیوسینا قائد نے دعویٰ کیا تھا کہ شہر کے بعض عہدیداروں کی مسلم ٹھیکہ داروں سے ملی بھگت ہے جو شہر میں غیر قانونی بنگلہ دیشیوں کو بساتے ہوئے مسلمانوں کی آبادی بڑھانا چاہتے ہیں۔ اتوار کے دن بعض سوشل میڈیا یوزرس نے ایکس پر سنجے نیروپم کی پوسٹ پر رد عمل ظاہر کیا۔

اُنہوں نے اُنہیں سیاسی وفاداریاں بدلنے والا آدمی قراردیا۔ سنجے نیروپم نے اس پر پلٹ وار کرتے ہوئے کہاکہ مجھے دل بدلو کہنے سے کانگریس گناہ دھلنے والے نہیں۔ سابق رکن پارلیمنٹ گزشتہ برس شیوسینا(ایکناتھ شنڈے) میں شامل ہونے سے قبل کانگریس میں تھے۔ کانگریس میں آنے سے پہلے اُنہوں نے 1990 کے دہے میں شیوسینا کے ہندی ترجمان دوپہر کا سامنا کے ایڈیٹر کی حیثیت سے کام کیا تھا۔ وہ اُس وقت متحدہ شیوسینا میں تھے۔