رہائشی علاقوں سے گوداموں کو منتقل کیا جائے گا: سرینواس یادو
ریاستی وزیر افزائش مویشیاں ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ شہر کے رہائشی علاقوں میں موجود گوداموں کو دوسرے مقامات پر منتقل کیا جائے گا۔
حیدرآباد: ریاستی وزیر افزائش مویشیاں ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ شہر کے رہائشی علاقوں میں موجود گوداموں کو دوسرے مقامات پر منتقل کیا جائے گا۔
انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ گوداموں میں خطرناک کیمیکل رکھنے کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے حال ہی میں بڑے پیمانہ پر آگ لگنے سے متاثر دکن مال کے انہدام کی جگہ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمارت کو گرانے کا کام دو روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دکن مال کی عمارت کے آس پاس کے مکانات اور مقامی افراد کو کسی قسم کی پریشانی کے بغیر انہدامی کارروائی جاری ہے۔
اس موقع پر مقامی افراد نے وزیر موصوف سے آگ سے تباہ شدہ مکانات کی مرمت کا مطالبہ کیا جس پر وزیر موصوف نے ایک ماہ کے اندر اس کی مرمت کا وعدہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ مناسب احتیاط نہ کرنے کی وجہ سے آگ لگنے کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ حکومت نے مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔