حیدرآباد

سکندرآباد ریلوے اسٹیشن عنقریب بہتر اسٹیشن بنے گا : کشن ریڈی

مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے بتایا کہ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن بہت جلد تلنگانہ کابہترین اسٹیشن بن جائے گا۔700 کروڑ روپے تخمینہ مصارف سے عصری سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور تعمیراتی ڈیزائن کو فروغ دیا جائے گا۔

حیدرآباد: مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے بتایا کہ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن بہت جلد تلنگانہ کابہترین اسٹیشن بن جائے گا۔700 کروڑ روپے تخمینہ مصارف سے عصری سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور تعمیراتی ڈیزائن کو فروغ دیا جائے گا۔

کشن ریڈی نے پیر کے روز سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کا دورہ کرتے ہوئے ری ڈیولپمنٹ منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر سیاحت کشن ریڈی نے کہا کہ اس پراجکٹ کو مرحلہ وار اساس پر شروع کیا جائے گا جس کا مقصد ٹرینوں کی آمد ورفت کے شیڈول میں رکاوٹ پیدا کرنا نہیں ہے۔

ریلوے اسٹیشن کو ایر پورٹ کے انفراسٹرکچر کے طرز پر تعمیر نو کیا جائے گا۔ جس کے تحت آنے والے 40برسوں تک مسافرین کو سہولتیں دستیاب رہ پائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سکندرآباد کے ریلوے اسٹیشن کے تعمیر نو منصوبہ میں مسافرین کیلئے عصری بنیادی سہولتیں، عصری آرکٹیکٹچیر، ماڈرن ٹکنالوجی اور تمام مسافرین کیلئے سہولت بخش سہولتیں شامل رہیں گی۔

تعمیر نو کے کام تین مرحلوں میں شروع کئے جائیں گے۔ پہلے مرحلہ کے کام 16ماہ میں، دوسرے مرحلہ کے کام 28ماہ اور تیسرے مرحلہ کے کام 36 ماہ میں مکمل کئے جائیں گے۔اسٹیشن کی نئی عمارت میں مسافرین کی حمل ونقل کو سہل بنانے کیلئے 26لفٹس، 32 ایسکیلیٹر اور ٹراویلیٹرس دستیاب رہیں گے۔

پراجکٹ کی اہم خصوصیت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ شمال کی سمت نئی عمارت ہوگی جوG+3 رہے گی۔ جنوب کی سمت بھیG+3 منزلہ نئی عمارت تعمیر کی جائے گی اور دو منزلہ اسکائی کنکورس تعمیر کیا جائے گا۔ داخلہ اور باہر آنے کے راستے علیحدہ رہیں گے۔

گاڑیوں کی سہل حمل ونقل کیلئے ملٹی لیول اور انڈر گراونڈپارکنگ کا نظم رہے گا۔ اسٹیشن کی نئی عمارت میں تمام عصری آلات وسہولتیں دستیاب رہیں گی۔

ان میں مسافرین کی سہولت کیلئے تمام پلاٹ فارمس پر الیکٹرانک سائن بورڈ نصب کئے جائیں گے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت، ریاست تلنگانہ کی ترقی کے لئے سنجیدہ ہے اور اس سلسلہ میں پہل بھی شروع کردی گئی ہے۔