حیدرآباد

شرابی نے ایس آئی کو چاقو گھونپ دیا

شہر کے ماریڈپلی پولیس اسٹیشن کے ایک سب انسپکٹر اے ونئے کمار اس وقت زخمی ہوگئے جبکہ ایک شخص جو حالت نشہ میں تھا‘ نے ایس آئی کو چاقو گھونپ دیا۔

حیدرآباد: شہر کے ماریڈپلی پولیس اسٹیشن کے ایک سب انسپکٹر اے ونئے کمار اس وقت زخمی ہوگئے جبکہ ایک شخص جو حالت نشہ میں تھا‘ نے ایس آئی کو چاقو گھونپ دیا۔

یہ واقعہ چہارشنبہ کی علی الصبح پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ کم و بیش 3 بجے شب اُس وقت پیش آیا جب سب انسپکٹر آف پولیس‘ سکندرآباد میں اینکر چیاریٹی ہیونس اپارٹمنٹ کے قریب پٹرولنگ ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔

پولیس عہدیدار نے ایک شخص جو حالت نشہ میں شور شرابہ کررہا تھا‘ کی سرزنش کی تاہم اس دوران شرابی نے ایس آئی کو چاقو گھونپ دیا۔ ونئے کمار کو علاج کے لئے خانگی ہاسپٹل میں شریک کرایاگیا۔

مشتبہ حملہ آور کو تحویل میں لے لیاگیا ہے۔ یواین آئی کے مطابق حیدرآباد شہر کے ماریڈپلی پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر ونئے کمار پر بعض نامعلوم افراد نے بلیڈ سے حملہ کردیا جس میں سب انسپکٹر زخمی ہوگئے۔ سب انسپکٹر ونئے کمار اپنے ساتھی ملازمین کے ساتھ منگل کی رات تقریباً 2 بجے ماریڈپلی میں گاڑیوں کی تلاشی کررہے تھے۔

اس دوران ایس آئی نے موٹر سائیکل پر آنے والے دو افراد کو روکا اور ان سے پوچھ گچھ کی لیکن ان میں سے ایک نے ایس آئی ونئے کمار کے پیٹ میں اپنے پاس موجود بلیڈ سے وار کیا۔ بعد ازاں وہ وہاں سے فرار ہو گئے۔

شدید زخمی ایس آئی کو ان کے ساتھی ملازمین نے قریبی اسپتال پہنچایاجہاں سب انسپکٹر کو6ٹانکے دیئے گئے۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ ان کی حالت اب مستحکم ہے۔ پولیس، سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر حملہ کرنے والوں کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ماریڈ پلی پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔