کرناٹک

شیواموگہ جھڑپیں‘ پولیس نے ملزم کے پیر میں گولی ماردی

جھڑپوں کے بعد ٹاؤن میں امتناعی احکامات نافذ کردیئے گئے۔ پریم سنگھ کو چاقو مارنے والوں کے خلاف اقدام ِ قتل (آئی پی سی 307) کا مقدمہ درج کرلیا گیا تھا اور اسی سلسلہ میں پولیس نے ندیم اور عبدالرحمن کو گرفتار کرلیا تھا۔

شیواموگہ (کرناٹک): ایک شخص کو جس پر یہاں کی جھڑپوں میں ملوث ہونے اور ایک شخص کو چھرا گھونپنے کا شبہ ہے اُس وقت پیر میں گولی ماری گئی جب اس نے اسے پکڑنے گئی پولیس پر حملہ کی مبینہ کوشش کی۔ فائرنگ کے بعد ضلع مستقر ٹاؤن کے مرنامی بیلو کا رہنے والا محمد ذبیح عرف چربی (30 سالہ) دواخانہ میں روبہ صحت ہے۔

 پولیس کے بموجب پیر کے دن ہندوتوا نظریہ ساز ونائک دامودھر ساورکر اور 18 ویں صدی کے میسور کے حکمراں ٹیپو سلطان کے بیانرس لگانے کے مسئلہ پر شیواموگہ ٹاؤن میں 2 فرقوں میں جھڑپیں ہوئی تھیں۔ 20سالہ پریم سنگھ کو چاقو ماری گئی تھی۔

جھڑپوں کے بعد ٹاؤن میں امتناعی احکامات نافذ کردیئے گئے۔ پریم سنگھ کو چاقو مارنے والوں کے خلاف اقدام ِ قتل (آئی پی سی 307) کا مقدمہ درج کرلیا گیا تھا اور اسی سلسلہ میں پولیس نے ندیم اور عبدالرحمن کو گرفتار کرلیا تھا۔ منگل کی صبح پولیس ذبیح کو پکڑنے گئی تھی جس نے پولیس ٹیم پر حملہ کی مبینہ کوشش کی۔

 اپنے دفاع میں سب انسپکٹر منجوناتھ ایس کوکی (ونوبانگر پولیس اسٹیشن) نے ذبیح کے سیدھے پیر میں گولی ماری۔ اسے سرکاری دواخانہ لے جایا گیا جہاں وہ روبہ صحت ہے۔ آئی اے این ایس کے بموجب کرناٹک پولیس نے شیواموگہ کے ایک چوراہا سے ساور کی فلیکسی ہٹانے کے تنازعہ میں 2  افراد کو چاقو مارنے والے اصل ملزم پر گولی چلادی۔

 پیر کی رات پولیس‘ ملزم کو پکڑنے گئی تھی۔ ذبیح اللہ نے پولیس پرحملہ کی کوشش کی۔ پولیس نے پیر میں گولی مارنے کے بعد ذبیح اللہ کو دواخانہ منتقل کیا اور علاج کے بعد دواخانہ کے جیل وارڈ میں منتقل کردیا۔ ایڈیشنل ڈی جی پی آلوک کمار نے کہا کہ پتہ چلانا ہوگا کہ آیا ملزمین کا تعلق کسی سیاسی جماعت یا کسی غیرسیاسی تنظیم سے ہے۔

 شیواموگہ میں 18  اگست تک امتناعی احکامات نافذ کردیئے گئے ہیں اور سیکوریٹی بڑھادی گئی ہے۔ ریزرو پولیس کی 15پلاٹون بھیجی گئی ہیں اور مزید 6 بھیجی جائیں گی۔

نظم وضبط کی صورتِ حال پر نظر رکھنے ایک سپرنٹنڈنٹ پولیس(ایس پی)‘ 3  ایڈیشنل ایس پیز‘ کریمنل انوسٹیگیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) کے 3 ڈپٹی ایس پیز اور 10  انسپکٹرس کو شیواموگہ میں تعینات کیا گیا ہے۔ اسی دوران شیواموگہ کی کویمپو یونیورسٹی نے کالجوں کو تعطیل دے دی اور پوسٹ گریجویشن امتحانات ملتوی کردیئے۔

 شیواموگہ سے متصل ٹاؤن بھدراوتی میں بھی اسکول اور کالجس بند کردیئے گئے۔ پولیس کے بموجب امیر احمد سرکل پر ساورکر کی فلیکسی لگائی گئی تھی تاہم بعض نوجوانوں نے اس پر اعتراض کیا اور وہ اس فلیکسی کو اتارکر لے گئے۔

انہوں نے اس کی جگہ پر ٹیپوسلطان کی فلیکسی لگانے کی کوشش کی جس کے نتیجہ میں تشدد برپا ہوا۔ سابق چیف منسٹر بی ایس یدی یورپا کا تعلق شیواموگہ سے ہے اور یہ ضلع بی جے پی کا گڑھ مانا جاتا ہے۔

a3w
a3w