کرناٹک

کانگریس کو دہشت گردی سے جوڑنے پرمودی کے خلاف پولیس میں شکایت

کانگریس نے آج بنگلورو میں وزیراعظم نریندرمودی کے اس بیان پر جس میں انہوں نے پارٹی کو دہشت گردی سے جوڑا ہے، پولیس میں شکایت درج کرائی۔

بنگلورو: کانگریس نے آج بنگلورو میں وزیراعظم نریندرمودی کے اس بیان پر جس میں انہوں نے پارٹی کو دہشت گردی سے جوڑا ہے، پولیس میں شکایت درج کرائی۔

سابق لوک سبھا اسپیکر میراکمار اور سینئر کانگریس قائد دنیش گنڈوراؤ کی زیرقیادت ایک وفد نے بنگلورو میں ہائی گراؤنڈس پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ کانگریس قائدین نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم مودی نے ایک جلسہ عام میں کہا کہ کانگریس پارٹی دہشت گردی کی حمایت کررہی ہے۔

انہوں نے مودی کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ دنیش گنڈراؤ نے شکایت درج کرانے کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ہندوستان کے کسی بھی وزیراعظم نے کبھی ایسی تقریر نہیں کی۔ وزیراعظم مودی کی تقریر کا مقصد فرقہ وارانہ جذبات کو بھڑکانا ہے۔ انہوں نے نچلی سطح کی زبان استعمال کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم مودی نے یہ جھوٹا دعویٰ کیا ہے کہ کانگریس دہشت گردی سے تعلق رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عوامی نمائندگی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ الیکشن کمیشن کو اس تقریر پر ان کے خلاف کارروائی شروع کرنی چاہئے۔