ضلع بیجا پور میں انکاونٹر، سرکردہ نکسلائٹ دامودر ہلاک، تلنگانہ میں سی پی آئی ماوسٹ کو بڑا دھکہ
تلنگانہ میں ممنوعہ ماوسٹ (سی پی آئی) کو اس وقت بڑا دھکہ پہونچا جبکہ اس کے ریاستی کمیٹی کے سکریٹری بدے چکارا ؤ عرف دامودر، چھتیس گڑ کے جنوبی بستر کے بیجا پور ضلع کے جنگل میں سیکوریٹی فورس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں مارا گیا۔
حیدرآباد: تلنگانہ میں ممنوعہ ماوسٹ (سی پی آئی) کو اس وقت بڑا دھکہ پہونچا جبکہ اس کے ریاستی کمیٹی کے سکریٹری بدے چکارا ؤ عرف دامودر، چھتیس گڑ کے جنوبی بستر کے بیجا پور ضلع کے جنگل میں سیکوریٹی فورس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں مارا گیا۔
یہ انکاونٹر، 16 جنوری کو پیش آیا۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (ماوسٹ) کے جنوبی بستر ڈیویژنل کمیٹی کے سکریٹری گنگا کی جانب سے ہفتہ کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ دامودر اُن 18 ماوسٹوں میں شامل تھے جو انکاونٹر میں مارے گئے۔ ضلع ملگ کے سمکاسارکا تاڑوائی منڈل کے موضع کلواپلی کا رہنے والا55سالہ دامودر، تلنگانہ اور چھتیس گڑھ پولیس کو انتہائی مطلوب تھا اس کے سرپر50 لاکھ روپے کا انعام مقرر تھا۔
دامودر، گزشتہ30 برسوں سے ماوسٹ میں کام کررہا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ ایکشن ٹیم کا سربراہ تھا اور اس کے پاس حملہ کی منصوبہ بندی اور فوجی حکمت عملی وضع کرنے میں ماہرانہ صلاحیت تھی۔
جون2021 میں کووڈ،19 کی وجہ سے اسٹیٹ سکریٹری ہری بھوشن کے دیہانت کے بعد ماوسٹ پارٹی سنٹر ل کمیٹی نے دامودر کے بھائی چکا راؤ کو تلنگانہ کا سکریٹری مقرر کیا تھا۔ دامودر کے دوبڑے بھائی بدے ناگیشور راو اور مرلی جو پارٹی میں کام کرچکے ہیں، کئی سال قبل پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلوں کے علیحدہ واقعات میں مارے گئے۔
دامودر کی بھانجی ناگاجیوتی بی آر ایس کی قائد اور ضلع پریشد ملگ کی چیرپرسن ہیں، دامودر کی بیوی مداکم کوسی عرف رجیتا بھی ماوسٹ کی رکن تھیں جنہیں سال2022میں کتہ گوڑم پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔ پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے انکاونٹرمیں دامودر کی موت کی تصدیق کی اور کہا کہ دامودر کی ہلاکت تلنگانہ میں جہاں ماوسٹ پارٹی کے لئے بڑا دھکہ ہے وہیں یہ پولیس کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔
تلنگانہ میں پولیس کی چوکسی کی وجہ سے دامودر، ریاست میں غیر فعال تھا اُس نے اپنی سرگرمیوں کو پڑوسی ریاست چھتیس گڑھ منتقل کردیا۔ اُس نے ریاست تلنگانہ میں ماوسٹ تحریک کے احیاء کیلئے کئی بار کوشش کی مگر پولیس کی سخت چوکسی کے سبب اس کی یہ کوشش ناکام ثابت ہوئیں۔